فیوچر سٹی تا بندر پورٹ 12 لائین گرین فیلڈ ہائی وے، حیدرآباد سے چینائی و بنگلور ہائی اسپیڈ ریل ، ریلوے پراجکٹس پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد 11 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست میں زیر التواء ریلوے پراجکٹس اور لائینوں کی تنصیب کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ضروری فنڈس کی فراہمی کے علاوہ اراضیات کے حصول کیلئے حکومت تعاون کریگی ۔ چیف منسٹر نے ریلوے پراجکٹس کے منصوبوں کی تیاری مستقبل کی ضروریات کے مطابق کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی اور کہا کہ فاصلہ طئے کرنے اور متوقع اخراجات میں کمی کی جاسکتی ہے ۔ چیف منسٹر نے آج کمانڈ کنٹرول سنٹر میں زیر التواء ریلوے پراجکٹس و مجوزہ منصوبوں پر ساؤتھ سنٹر ریلوے اور مختلف محکموں کے عہدیداروں کا اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مسافرین کو تیز تر ٹرانسپورٹ سہولتیں فراہم کرنے کے علاوہ نئی ریلوے لائینوں کے ذریعہ ہمہ جہتی ترقی ممکن ہے ۔ انہوں نے سیاحتی مراکز اور صنعتی ضروریات کو پیش نظر رکھنے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بیرونی ممالک کی طرز پر ریل ، سڑ ک و بندرگاہوں کو جدید خطوط پر ترقی دی جائے۔ اجلاس میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے جنرل مینجر سنجے کمار سریواستو کا چیف منسٹر نے خیر مقدم کیا اور نئے پراجکٹس کی پیشرفت پر بات کی ۔ رکن پارلیمنٹ کڈیم کاویا ، چیف منسٹر کے مشیر نریندر ریڈی ، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ ، اسپیشل سکریٹری آر اینڈ بی وکاس راج ، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری سرینواس راجو اور فینانس سکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ اجلاس میں شریک تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بھارت فیوچر سٹی سے امراوتی کے راستہ بندر پورٹ تک گرین فیلڈ ہائی وے کے ساتھ ریلوے لائین بچھائی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم جدید قانون کے تحت جو وعدے کئے گئے ان میں حیدرآباد سے امراوتی تک ریاپڈ ریل اور روڈ کنکٹیویٹی پراجکٹ کو مکمل کرنا مرکز کی ذمہ داری ہے ۔ بھارت فیوچر سٹی سے امراوتی کے راستہ بندر پورٹ تک 12 لائین پر مشتمل گرین فیلڈ ہائی وے تعمیر کرنے کی مرکز سے درخواست کی گئی جس کیلئے 300 کیلو میٹر کے الائنمنٹ کی تجاویز پیش کی گئی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مذکورہ پراجکٹ کے علاوہ ریلوے اور ریاستی حکومت کے منصوبہ جات کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق عمل کیا جائے۔ ہائی ویز کے ساتھ ریلوے لائین ہونی چاہئے اور ہائی وے کی دونوں جانب دیڑھ کیلو میٹر تک انڈسٹریل کوریڈار کو وسعت دینے کی تجویز ہے ۔ چیف منسٹر نے ریلوے حکام کو ہدایت دی کہ گرین فیلڈ ہائی وے کی نئی تجاویز کے مطابق حیدرآباد تا چینائی اور حیدرآباد تا بنگلور ہائی اسپیڈ ریل پراجکٹس سروے مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے اطراف ریجنل رنگ ریل کی ضرورت ہے۔ تقریباً 362 کیلو میٹر ریجنل رنگ روڈ کے ساتھ رنگ ریل کے قیام سے میٹرو سٹی کا مستقبل تبدیل ہوجائے گا۔ چیف منسٹر نے ریلوے حکام سے کہا کہ وہ پراجکٹ کو جلد شروع کرنے کے اقدامات کریں۔ تلنگانہ انڈسٹریل سیکٹر کیلئے خصوصی ریل لائین کی سہولت حاصل ہوگی۔ چیف منسٹر نے وقارآباد تا کرشنا نئی ریلوے لائین کو جلد شروع کرنے کی ہدایت دی۔ گدوال تا ڈورنکل ریلوے لائین کاموں کی پراجکٹ رپورٹ مکمل کرنے ہدایت دی گئی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ورنگل میں ریلوے لائینوں کو ترقی دی جانی چاہئے اور بھوپال پلی تا ورنگل نئی ریل کے امکانات کا جائزہ لیا جائے ۔ قاضی پیٹ جنکشن میں مسافرین کی ضروریات کے مطابق ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد و ورنگل کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق ترقی دینے اور ریلوے پراجکٹس پر عاجلانہ عمل کا مشورہ دیا۔1
چیف منسٹر کا مجوزہ دورہ میڈارم
حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے میڈارم جاترا پر عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر 13 یا 14 ستمبر کو میڈارم کا دورہ کرکے جاترا انتظامات کا جائزہ لیں گے ۔ وہ ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ دو روز قبل ریونت ریڈی نے وزراء اور عہدیداروں کا جائزہ اجلاس منعقد کرکے میڈارم جاترا انتظامات کو قطعیت دی تھی ۔ انہوں نے آئندہ 100 دنوں میں میڈارم کی ترقی کیلئے منصوبہ کو قطعیت دی ۔1