حیدرآباد /26 جنوری ( سیاست نیوز ) حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کیمپس میں آج ایک بار پھر کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ دائیں اور بائیں بازو طلبہ تنظیموں میں ڈاکومنٹری فلم کی تشہیر تنازعہ کا سبب بن گئی ۔ پولیس نے اے بی وی پی اور ایس ایف آئی طلبہ تنظیموں کے درمیان رسہ کشی اور کشیدہ حالات کو دیکھتے ہوئے کیمپس میں کسی بھی ڈاکومنٹری کی تشہیر پر روک لگادی اور احتیاطی طور پر کیمپس میں پولیس کی بھاری جمعیت کو تعینات کردیا گیا ہے ۔ پولیس نے ایچ سی یو کیمپس میں چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی پر تیار کردہ بی بی سی کو ڈاکومنٹری کو کیمپس میں پیش کرنے کے خلاف اے بی وی پی نے برہمی ظاہر کی اور آج اے بی وی پی نے کیمپس میں کشمیر فائلز کی تشہیر کی تیاری کرلی تھی ۔ اے بی وی پی کی اس تیاری کے خلاف ایس ایف آئی نے بی بی سی کی ڈاکومنٹری کو پیش کرنے کا اعلان کیا اور تیاریاں شروع کردی تھیں ۔ اس دوران نظریاتی اختلافات کی حامل طلبہ تنظیموں میں ایک دوسرے کے خلاف مظاہرے شروع ہوگئے اور نوبت ہاتھاپائی تک پہونچی ۔ اس سے قبل کے حالات مزید کشیدگی کا رخ اختیار کرجاتے پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے سارے معاملہ کو اپنی نگرانی میں لے لیا ۔ اور کسی بھی قسم کی ڈاکومنٹری اور فلم کی تشہیر پر روک لگادی اور کیمپس میں بھاری جمعیت کو تعینات کردیا ۔ ع