چیف منسٹر ریونت ریڈی کی کمپنی کے عہدیداروں سے ملاقات، رئیل اسٹیٹ اور ڈیولپمنٹ شعبہ جات میں کمپنی کا نمایاں رول
حیدرآباد۔/19 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کو سنگاپور کے دورہ کے دوسرے دن ایک اہم کامیابی ملی جب کیاپیٹا لینڈ گروپ نے ریاست میں آئی ٹی پارک کے قیام کیلئے 450 کروڑ کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ کیاپیٹا لینڈ گروپ کا ہیڈکوارٹر سنگاپور میں ہے اور وہ رئیل اسٹیٹ انوسٹمنٹ اینڈ ڈیولپمنٹ کمپنی کے طور پر عالمی سطح پر اپنی شناخت رکھتی ہے۔ کمپنی نے حیدرآباد میں ایک ملین اسکوائر فیٹ پر اسٹیٹ آف آرٹ آئی ٹی پارک کے قیام سے اتفاق کیا ہے جس پر 450 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری ہوگی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے سنگاپور میں کیاپیٹا لینڈ گروپ کے ذمہ داروں سے ملاقات کی۔ کیاپیٹا لینڈ کے ایگزیکیٹو گوری شنکر ناگا بھوشنم سی ای او و ایگزیکیٹو ڈائرکٹر کیاپیٹا لینڈ انڈیا ٹرسٹ مینجمنٹ ٹراویل لمیٹیڈ اور منوہر کھیاتانی سینئر ایگزیکیٹو ڈائرکٹر کیاپیٹا لینڈ انوسٹمنٹ سے ملاقات کے دوران تلنگانہ کے پراجکٹ پر اتفاق رائے ہوا۔ اس موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری جیش رنجن، اسپیشل سکریٹری انوسٹمنٹ پرموشن ڈاکٹر ای وشنو وردھن ریڈی، اسپیشل سکریٹری برائے چیف منسٹر اجیت ریڈی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ حیدرآباد میں آئی ٹی پارک کے قیام سے دارالحکومت بزنس ہب میں تبدیل ہوگا۔ نئے پراجکٹ کے ذریعہ دنیا بھر میں گلوبل کیپبلٹی سنٹر اور بلوچپ کمپنیوں میں اضافہ ہوگا۔ گوری شنکر ناگا بھوشنم نے اس موقع پر حیدرآباد میں سرمایہ کاری کے مواقع کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی ترقی پسند پالیسیوں اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی متحرک قیادت میں تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع مستحکم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں توسیعی سرگرمیوں سے کیاپیٹا انڈیا کمپنی کافی خوش ہے اور عالمی معیار کے انفرااسٹرکچر کی فراہمی میں تعاون کیا جائے گا۔ کیاپیٹا لینڈ حیدرآباد میں تین بزنس پارکس کے ذریعہ اپنی سرگرمیوں کو وسعت دے گا۔ گروپ نے سابق میں حیدرآباد میں 25 میگا واٹ کے آئی ٹی لوڈ ڈیٹا سنٹر کے قیام کا اعلان کیا جو 2025 کے وسط میں کارکرد ہوگا۔ کمپنی ہندوستان میں ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہے۔ جاریہ سال انٹرنیشنل ٹیک پارک حیدرآباد کے قیام کی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا اور توقع ہے کہ 2018 تک پراجکٹ مکمل ہوگا۔ 1