مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان سے انیل کمار یادو کی نمائندگی
حیدرآباد۔/11فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے ملاقات کی اور یادداشت پیش کرتے ہوئے حیدرآباد میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے قیام کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں عالمی سطح کے ادارے قائم ہورہے ہیں ایسے میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (IIM) کے قیام سے مقامی نوجوانوں کی قابلیت میں اضافہ ہوگا اور صنعتی ترقی کے مواقع ہموار ہوں گے۔ انیل کمار یادو نے دھرمیندر پردھان سے خواہش کی کہ نئی نسل کی بھلائی اور نئی ریاست تلنگانہ کی ترقی کو پیش نظر رکھتے ہوئے IIM کی منظوری دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی موافق صنعتی پالیسی کے نتیجہ میں عالمی ادارے تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ حکومت ہر شعبہ کی جامع ترقی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ ملک میں 21 آئی آئی ایم ادارے موجود ہیں جو بزنس اڈمنسٹریشن میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ CAT امتحانات 2024 میں 21 آئی آئی ایم سے 3.29 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں اور 7700 امیدواروں کو داخلہ ملا۔ امیدواروں کی تعداد میں روز افزوں اضافہ کے پیش نظر تلنگانہ میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ قائم کیا جائے۔1