کھلے عام جلسے ، اردو یونیورسٹی میں آج سربراہ منچ اندریش کمار کی مہمان خصوصی شرکت و مخاطبت
محمد مبشر الدین خرم
حیدرآباد۔19 نومبر۔ شہر حیدرآباد میں مسلم راشٹریہ منچ کی سرگرمیوں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے اور اندریش کمار جو مسلم راشٹریہ منچ کے سربراہ ہیں وہ مسلسل حیدرآباد میں مختلف پروگرامس میں حصہ لے رہے ہیں۔ آر ایس ایس نے سال 2002میں نام نہاد مسلم گروپس کے ذریعہ مسلم راشٹریہ منچ کی بنیاد رکھی تھی اور اس تنظیم کو محب وطن مسلمانوں کی تنظیم کے طور پر پیش کیا جانے لگا ہے۔آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار جو سال 2017 تک درگاہ حضرت خواجہ غریب نواز معین الدین چشتی ؒ کے احاطہ میں 2007میں ہوئے بم دھماکہ میں ملزم تھے انہیں اب ہندستانی مسلمانوں اور طلبہ کے درمیان دفاعی امور کے ماہر کے طور پر پیش کیا جا رہاہے۔ملک بھر میں آر ایس ایس کی جانب سے گنگا جمنی تہذیب کے فروغ کے نام پر شروع کی جانے والی تنظیم مسلم راشٹریہ منچ کے سربراہ اندریش کمار کا نام اجمیر دھماکوں کے بعد منظر عام پر آیا تھا اور سنیل جوشی قتل معاملہ میں بھی ان کا نام زیر گشت رہا لیکن ملک میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد نہ صرف اجمیر شریف بلکہ مکہ مسجد ‘ مالیگاؤں کے علاوہ دیگر بم دھماکوں میں ملوث افراد کو کلین چٹ حاصل ہوئی اسی طرح اندریش کمار کو بھی 2017 میں کلین چٹ حاصل ہوگئی جبکہ مالیگاؤں بم دھماکہ کی ملزم پرگیہ سنگھ ٹھاکررکن پارلیمنٹ بن گئی ۔اندریش کمار شہر حیدرآباد میں اپنی سرگرمیوں کو گذشتہ چند برسوں کے دوران تیز کرچکے ہیں اور اس مدت میں کئی خفیہ پروگرامس بالخصوص دعوت افطار کے نام پر پروگرامس کا انعقاد عمل میں لایا جاتا رہا ہے لیکن اب تک ان پروگرامس کی تشہیر نہیں کی جا تی تھی بلکہ انہیں ممکنہ حد تک خفیہ رکھا جاتا تھامگر اب شہر حیدرآباد میں اندریش کمار کے پروگرام باضابطہ ہونے لگے ہیں اور وہ 20 نومبربروز ہفتہ10:30بجے دن مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں ایک پروگرام بعنوان ’’ دی رول آف لینگویجس ان دی یونیٹی آف بھارت‘‘ بھارت کییکجہتی میں زبانوں کا کردار کے عنوان پر منعقد ہونے والے سیمینار میں اندریش کمار کو ماہر دفاعی امور کے طور پر مدعو کیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ اندریش کمار شہر حیدرآباد میں ایس سی ‘ ایس ٹی راشٹریہ منچ کے قیام کا اعلان کرنے والے ہیں اوراس سلسلہ میں دعویٰ کیا جا رہاہے کہ دلتوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کیلئے ایس سی ‘ ایس ٹی منچ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ اندریش کمار ان پروگرامس کے علاوہ خواتین کے دیگر پروگرامس میں بھی شرکت کریں گے ۔ شہر حیدرآباد میں مسلم راشٹریہ منچ کی سرگرمیوں میں ہونے والے اضافہ کے متعلق شہریوں کی جانب سے اختیار کردہ خاموشی کا نتیجہ ہے کہ اب ان کی سرگرمیاں برسرعام کی جانے لگی ہیں اور اندریش کمار کو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں بہ حیثیت مہمان خصوصی مدعو کیا جا رہاہے جبکہ جامعات و دانشگاہیں نوجوانوں کی ذہن سازی کے مراکز ہوتے ہیں۔م