کامپلکس میں کمرشیل سرگرمیاں جاری تھیں۔تعمیراتی قواعد کی بھی خلاف ورزی
حیدرآباد ۔ 13 نومبر ( سیاست نیوز) نامپلی بازار گھاٹ میں پیر کی صبح ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ مہلوکین میں ایک ہی خاندان کے7 افراد ہیں جن میں ایک کمسن طالبہ شامل ہے ۔ تفصیلات کے مطابق یہ خوفناک و دلخراش واقعہ آج صبح 9:30بجے اُس وقت پیش آیا جب بالاجی ریسیڈنسی اپارٹمنٹ ریڈ ہلز بازار گھاٹ کے سیلر میں موجود کمیکل گودام میں اچانک آگ لگ گئی ۔ کمیکل کے ساتھ ساتھ ڈیزل بھی بھاری مقدار میں موجود ہونے کے نتیجہ میں آگ نے چند ہی منٹوں میں اپارٹمنٹ کو اپنے لپیٹ میں لے لیا ۔ اس اپارٹمنٹ میں موٹر گیاریج بھی موجود ہے جہاں پر کاروں کی مرمت کا کام چلتا ہے اور صبح بھی کاروں کو درست کرنے کا کام چل رہا تھا کہ اچانک آگ لگ گئی ۔ اس واقعہ کی اطلاع فائر کنٹرول روم کو 9:34 بجے پر دی گئی جس کے نتیجہ میں تلنگانہ اسٹیٹ ڈیزاسسٹر رسپانس فائر سروسیس ڈپارٹمنٹ عملے نے جائے حادثہ پر فوری چار فائر انجن روانہ کیا اور آگ پرقابو پانے کا آپریشن شروع کردیا گیا ۔ اسی دوران جی ایچ ایم سی ڈیزاسسٹر رسپانس فورس ( ڈی آر ایف ) کا عملہ بھی وہاں پہنچ کر راحت کاری کام شروع کردیا ۔ ابتداء میں اپارٹمنٹ کے سیلر سے بھڑکی ہوئی آگ نے تیسری منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجہ میں بھاری دھواں فلیٹس میں داخل ہوگیا ۔ اس اچانک حادثہ کے بعد اپارٹمنٹ میں مقیم افراد کو وہاں سے بچ نکلنے کا موقع نہیں ملا جس کے نتیجہ میں 9 افراد جائے حادثہ پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔ مہلوکین میں 66سالہ ریٹائرڈ ڈاکٹر محمد ذاکر حسین ، محمد اعظم 57 ، رحمان سلطانہ 50 ، نکہت سلطانہ 50 ، طہورہ فرحین 35 ، حسیب الرحمن 32 اور تین طالبات 26 سالہ فائزہ ثمینہ ، 13سالہ تروبا اور 6سالہ منہا بھی شامل ہیں ۔