خاتون کانگریس لیڈر سے چھیڑ چھاڑ کرنے والا ملزم گرفتار

   

الور : راجستھان کے الور شہر کے اراولی وہار تھانہ علاقے میں کانگریس کی ایک خاتون لیڈر کے ساتھ بدسلوکی کے معاملے میں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے جرم میں استعمال ہونے والی بلٹ گاڑی کو قبضے میں لے لیا ہے ۔مہیلا تھانہ کے ہیڈ کانسٹیبل ہیرالال نے بتایا کہ خاتون کانگریس لیڈر پولیس اسٹیشن آئی اور اطلاع دی کہ وہ صبح اپنے گھر سے روزانہ کی سیر کے لیے جارہی تھی اسی دوران بلٹ گاڑی پر ایک نوجوان آیا اور ان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور فحش حرکات کرکے موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے اس پر معاملہ درج کرکے تفتیش شروع کردی اور ملزم لکشمن سوم ونشی بختل کے چوکی ہال ساکن کالا کوا کو گرفتار کرلیا۔ ملزم لکشمن سوم ونشی کالاکوا میں کرایہ کا کمرہ لیکر رہتا ہے اور کپڑے کے ایک شوروم میں سیلز مین کا کام کرتا ہے ۔ ملزم نے دوران پوچھ گچھ اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ ملزم لکشمن کی گرفتاری کے بعد اس کی بیوی تھانے پہنچ گئی۔ ملزم لکشمن نے پہلے بھی ایک خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی تھی لیکن ملزم لکشمن کی بیوی نے اس معاملے میں اس سے راضی نامہ کرا دیا تھا۔ اس کے بعد دوبارہ ملزم لکشمن سوم ونشی نے خاتون کانگریس لیڈر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی واردات کو انجام دیا۔ ملزم لکشمن سوم ونشی کے گھر والوں نے کہا کہ لکشمن کو جھوٹا پھنسایا جا رہا تھا لیکن پولیس نے موقع پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے کی بنیاد پر ملزم لکشمن سوم ونشی کو گرفتار کر لیا۔