خاندانی حکمرانی پر امیت شاہ کا تبصرہ مضحکہ خیز: کے ٹی آر

   

حیدرآباد21اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر آئی ٹی اور ٹی آر ایس کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے خاندانی حکمرانی پر تنقید کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جس پارٹی میں خاندانی سیاست کا رواج ہے اسی پارٹی کے امیت شاہ خاندانی سیاست کرنے والے شخص کی مہم کیلئے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاندانی حکمرانی پر امیت شاہ کی تنقیدیں کسی مذاق سے کم نہیں۔ کے ٹی آر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ امیت شاہ کے فرزند بی سی سی آئی سکریٹری ہیں اور وہ خاندانی سیاست کے حامل شخص کیلئے تلنگانہ آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس کیلئے امیت شاہ مہم چلارہے ہیں ان کے بھائی ایم پی ہیں جبکہ اہلیہ نے ایم ایل سی کیلئے مقابلہ کیا تھا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ خاندانی سیاست کرنے والے والد کی جانب سے ہمیں خاندانی حکمرانی ختم کرنے کی نصیحت کی جارہی ہے۔ر