درجہ حرارت 50 ڈگری سلسئیس تک پہونچ سکتا ہے ۔ عوام کو حد درجہ احتیاط کی ضرورت
حیدرآباد 30 اپریل ( سیاست نیوز ) جاریہ سال گرمی کی شدت کئی برسوں کا ریکارڈ توڑتی نظر آ رہی ہے ۔ ماہ اپریل میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ر یکارڈ کیا جا رہا ہے جس کے نتیجہ میں ریاست میں اور ملک بھر میں بھی ماہ اپریل کے دوران بریق کی طلب اور کھپت میں بھی خاطر خواہ اضافہ درج کیا جا رہا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب ماہ مئی کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔ شمالی ہند میں خاص طور پر گرمی کی لہر نے عوام کو بے حال کرنا شروع کردیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ دنوں میں ریاست تلنگانہ میں بھی گرمی کی شدت ریکارڈ توڑ حد تک بڑھ سکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب تلنگانہ میں بھی کئی مقامات پر ماہ مئی کے دوران درجہ حرارت 50 ڈگری سلسئیس تک پہونچ سکتا ہے ۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ تلنگانہ کیلئے اب تک کی سب سے زیادہ شدید گرمی ہوگی ۔ ہندوستان میں شائد ہی کسی مقام پر درجہ حرارت50 ڈگری ریکارڈ کیا جاتا ہے ۔ شمالی ہند کے کچھ مقامات پر درجہ حرارت 48 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ میں کچھ مقامات پر اب تک اعظم ترین درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہے اور تلنگانہ میں اعظم ترین درجہ حرارت 44 تا 45 ڈگری کے درمیان ریکارڈ کئے جانے کی روایت رہی ہے ۔ خاص طور پر عادل آباد ‘ کتہ گوڑم ‘ کھمم اور محبوب نگر کے علاقوں میں درجہ حرارت دوسرے مقامات سے زیادہ ہوتا ہے ۔ تاہم اب محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش قیاسی کی جا رہی ہے کہ تلنگانہ میں کچھ مقامات درجہ حرارت میں معمول سے بہت زیادہ اضافہ ہوگا اور یہ اب تک کی ریکارڈ سطح تک بھی پہونچ سکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بموجب شہر حیدرآباد کے علاوہ چوٹ اپل ‘ تما پور ‘ بھونگیر ‘ کولتھور ‘ گجویل ‘ نرسا پور ‘ پولا پلی ‘ شاد نگر ‘ سداشیوپیٹ ‘ ظہیر آباد اور دوسرے مقامات پر گرمی کی شدت میں ْزبردست اضافہ ہوسکتا ہے ۔ شدت کی اس گرمی کے دوران عوام کو حد درجہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے ۔ بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنا چاہئے اور پانی اور دیگر مشروبات کا استعمال بھی کیا جانا چاہئے ۔ دھوپ سے بچنے کی حتی المقدور کوشش کی جانی چاہئے ۔