خواتین سیلف ہیلپ گروپس کو 35 کروڑ بلا سودی قرض کی اجرائی: پونم پربھاکر

   

مانصاحب ٹینک ترقیاتی کاموں کا آغاز، حکومت کے 99 روزہ منصوبہ پر عمل آوری
حیدرآباد ۔6 ۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے حکومت کے 99 روزہ ترقیاتی اور فلاحی منصوبہ کے آغاز کے پہلے دن آج مانصاحب ٹینک میں واقع چاچا نہرو پارک میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے سیلف ہیلپ گروپس کی جانب سے قائم کردہ ایک سنٹر کا افتتاح کیا۔ پونم پربھاکر نے حیدرآباد میں اس مہم کے دوران مختلف ترقیاتی کاموں کے آغاز کا عزم کیا ہے۔ اندرا مہیلا شکتی کے کاؤنٹر کا پونم پربھاکر نے افتتاح کیا اور خواتین کی تنظیموں کو 35 کروڑ روپئے بلا سودی قرض کے چیک جاری کئے ۔ رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو ، رکن کونسل بی وینکٹ ، جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنن، کلکٹر حیدرآباد داسری ہری چندنا اور دوسروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خواتین کے سیلف ہیلپ گروپ سے خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ ریاست بھر میں شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے حکومت نے 99 روزہ منصوبہ کو قطعیت دی ہے۔ ریاست بھرمیں آج سے منصوبہ پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 12,000 دیہاتوں اور میونسپلٹیز میں ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ حکومت کی لائبریری کو کتابوں اور رسائل کا عطیہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کی طرح شہری علاقوں میں بھی خواتین کو سیلف ہیلپ گروپ سے وابستہ ہونے کی ضرورت ہے۔ حکومت نے خواتین کیلئے آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی ہے اور غریب خاندانوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ راشن کارڈ خواتین کے نام پر جاری کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے حکومت نے کئی اسکیمات متعارف کی ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ 99 روزہ ایکشن پلان پر عمل آوری میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ مراحل میں ترقیاتی اور فلاح و بہبود کے منصوبہ پر عمل آوری کی جائے گی۔1