خواتین فٹ بال: نوجوان کھلاڑیوں کو روس کیخلاف خود کو ثابت کرنے کا موقع

   

کولکاتا، 7 اکتوبر (آئی اے این ایس) ہندوستانی خواتین فٹ بال ٹیم جمعرات کو کولکاتا کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں 2 فیفا دوستانہ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں عالمی رینکنگ میں 27 ویں نمبرکی روسی ٹیم کا سامنا کرے گی۔ نئے چہروں پر مشتمل ہندوستانی ٹیم اس سیریز کے ذریعہ بین الاقوامی سطح پر واپسی کرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو سینئر ٹیم میں اپنی جگہ مضبوط کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ عالمی رینکنگ میں 69 ویں نمبر پر موجود ہندوستان کا روس کے ساتھ پہلا مقابلہ 8 اکتوبر اور دوسرا میچ 11 اکتوبر کو ہوگا۔ دونوں میچ شام 6 بجے ہندوستانی وقت کے مطابق شروع ہوں گے اور ہندوستانی فٹ بال کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشرکیے جائیں گے۔ یہ میچ جون میں ہندوستان کے چھٹی مرتبہ ساف ویمنز چمپئن شپ کا خطاب جیتنے کے بعد قومی ٹیم کی پہلی بین الاقوامی سرگرمی ہوگی۔ اس کے علاوہ کولکاتا میں ہندوستانی خواتین ٹیم پہلی مرتبہ بین الاقوامی میچ کھیلے گی۔ ہیڈ کوچ کرسپن چیٹری نے کہا کہ روس جیسی مضبوط اور بلند رینکنگ رکھنے والی ٹیم کے خلاف یہ دونوں میچ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیت آزمانے کا اہم موقع ہیں۔ انہوں نے کولکاتا کے شائقین سے بھی بڑی تعداد میں اسٹیڈیم پہنچ کر ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کی اپیل کی۔میچ سے قبل پریس کانفرنس میں چیٹری نے کہامیں چاہتا ہوں کہ شائقین بڑی تعداد میں آئیں اور اپنی ٹیم کی حمایت کریں۔ کم از کم وہ اس کی حقدار ہے۔