شہر میں سائبر شی ٹیم کو تیار کیا جا رہا ہے ۔ کمشنر پولیس کی خصوصی دلچسپی
حیدرآباد /30 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سوشیل میڈیا کے ذریعہ خواتین نوجوان لڑکیوں اور کمسن بچوں کو نشانہ بنانے والے بدمعاشوں کی اب خیر نہیں ۔ ان سائبر دھوکہ بازوں کے خلاف شکنجہ تیار کیا جارہا ہے ۔ سال نو کے آغاز سے حیدرآباد میں اب شی ٹیم کے علاوہ سائبر شی ٹیم بھی دستیاب رہیں گی ۔ حیدرآباد پولیس کی جانب سے عصری آلات و ٹکنالوجی سے مربوط ایک مضبوط شعبہ تشکیل دیا جارہا ہے ۔ سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند کی خصوصی دلچسپی سے اس شعبہ کو فعال بنایا جارہاہے ۔ امکان ہے کہ سال نو کے آغاز سے حیدرآباد میں سائبر شی ٹیم کی خدمات کا آغاز ہوگا ۔ سائبر شی ٹیم کیلئے منتخب عملہ کو تربیت دی جارہی ہے اور انہیں جدید آلات اور ٹکنالوجی سے مربوط کرکے ان کے استعمال اور سائبر دھوکہ بازوں کو فوری گرفتار کرنے کی تربیت فراہم کی جارہی ہے ۔ اس سائبر شی ٹیم عملہ کو سائبر جرائم ، آن لائن ہراسانی اور ٹیکنیکل شواہد حاصل کرتے ہوئے ٹیکنیکل شواہد کی بنیاد پر تحقیقات اور گرفتاریوں کی تربیت دی جائیگی تاکہ اس عملہ کی خدمات سے منچلے نوجوانوں اور آن لائن ہراساں کرنے والے افراد و بدمعاش افراد کی حرکتوں پر روک لگائی جاسکے ۔ بدلتے حالات اور ہر دن ٹکنالوجی کی ایک نئی ایجاد سے سائبر دھوکہ باز خوب واقف ہیں اور اس ٹکنالوجی کی آڑ میں آن لائن ہراسانی میں ملوث ہیں ۔ بالخصوص برسر کار خواتین اور نوجوان لڑکیوں کے علاوہ کمسن لڑکیوں کو بھی آن لائن ہراساں کیا جانے لگا ہے اور آئے دن بلیک میلنگ کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ سائبر دھوکہ باز گرہست خواتین کو بھی جعلسازی کا نشانہ بنانے لگے ہیں۔ انٹرنیٹ کا استعمال کرنے والے اور آن لائن مصروف رہنے والی خواتین بہ آسانی ان کی جعلسازی کا شکار ہوتی جا رہی ہیں ۔ ان حالات اور دن بہ دن بڑھتی شکایتوں اور دھوکہ دہی کے واقعات کو دیکھتے ہوئے سائبر شی ٹیم کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ع