سینکڑوں خواتین کی شرکت، تلنگانہ میں نشہ بندی کے نفاذ کا مطالبہ
حیدرآباد ۔3۔ڈسمبر (سیاست نیوز) مہیلا کانگریس کے زیر اہتمام خواتین پر مظالم کے خلاف آج پٹن چیرو علاقہ میں احتجاجی ریالی منظم کی گئی ۔ مہیلا کانگریس کی صدر این شاردا کی قیادت میں سینکڑوں احتجاجیوں نے گزشتہ دنوں لیڈی وٹرنری ڈاکٹر کے قتل کے خلاف ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج میں حصہ لیا۔ احتجاجی حکومت اور پولیس کے خلاف نعرہ بازی کر رہے تھے اور انہوں نے قاتلوں کو برسر عام پھانسی دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔ این شاردا نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں شراب کی فروخت عام ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں جرائم کی شرح میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے خواتین پر مظالم کیلئے شراب کی فروخت کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تلنگانہ شراب کی غیر قانونی فروخت کے معاملہ میں سرفہرست ہے۔ سپریم کورٹ نے قومی اور ریاستی شاہراہوں پر شراب کی فروخت پر امتناع عائد کیا تھا لیکن تلنگانہ میں قومی اور ریاستی شاہراہوں پر کھلے عام شراب فروخت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا ریڈی کے قتل کے سلسلہ میں شراب کی فروخت کا اہم رول ہے کیونکہ قاتل شراب کے نشہ میں دھت تھے۔ جس علاقہ میں واردات انجام دی گئی ، وہاں شراب کی دکانیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جرائم پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ ملک بھر میں جرائم کے معاملہ میں تلنگانہ دوسرے نمبر پر ہے۔ احتجاجیوں نے تلنگانہ میں نشہ بندی نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے عریاں فلموں اور پروگراموں کی نمائش فوری بند کرنے کی مانگ کی اور کہا کہ اس طرح کے پروگراموں سے جرائم کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔ خواتین پر مظالم کی روک تھام کیلئے خصوصی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے مہیلا کانگریس کی صدر نے کہا کہ فاسٹ ٹریک کورٹ کے ذریعہ اندرون ایک ماہ خاطیوں کو سزا دی جائے۔ مہیلا کانگریس کی قائدین کے علاوہ مقامی خواتین کی کثیر تعداد نے احتجاج میں حصہ لیا۔