گاندھی نگر۔ خود سے ہی شادی کی خواہش رکھنے والی لڑکی پر جہاں عام عوام کی جانب سے تنقید کا سلسلہ جاری تھا وہیں اب حکومت بھی اس شادی پر ناخوش نظر آرہی ہے۔ گجرات سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ کشما بندھو رواں ماہ 11 جون کو اپنے خوابوں کی شہزادی خود بننا چاہتی ہیں۔ واضح رہے کہ کشما بندھو کا خود سے شادی سے متعلق فیصلے پر کہنا ہے کہ شاید میں اپنی ذات سے شادی کرنے والی ہندوستان کی پہلی خاتون ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ خود سے محبت کے اظہار کا ایک طریقہ ہے، لوگ اِن سے شادی کرتے ہیں جن سے اِنہیں محبت ہو، مجھے خود سے محبت ہے اور اسی لیے میں یہ شادی کر رہی ہوں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی قائد، سٹی یونٹ کی نائب صدر سنیتا شکلا کی جانب سے کہا گیا ہیکہ ’میں اس شادی کے لیے منتخب کی گئی جگہ کے خلاف ہوں، اپنی ذات سے شادی کرنا ہندوازم کے خلاف ہے لہٰذا یہ شادی مندر میں نہیں کی جا سکتی۔ سنیتا شکلا کا مزید کہنا ہے کہ ’اپنی ذات سے شادیاں کرنے سے ناصرف ہندو آبادی میں کمی آئے گی بلکہ یہ مذہب اور قانون کے بھی خلاف ہے۔