پیرس : رواں برس نومبر میں ایک نایاب قسم کے گلابی ہیرے کی نمائش ہو گی جہاں اس کے ساڑھے تین کروڑ ڈالر میں فروخت ہونے کا امکان ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو کرسٹیز آکشن ہاؤس نے کہا ہے کہ یہ 18 قیراط سے زیادہ وزن کا حامل ناشپاتی کی شکل کا سب سے بڑا گلابی ہیرا ہے جسے نیلامی میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔چمکتا ہوا یہ گلابی ہیرا ایک انگوٹھی پر نصب کیا گیا ہے جو دو طرف سے ایک بڑے سفید ہیرے سے جڑا ہوا ہے۔ اس کا وزن 18اعشاریہ 18 قیراط ہے۔کرسٹیز کے مطابق یہ ایشیا میں خوش قسمت عدد سمجھا جاتا ہے اور وہاں یہ ’یقینی خوش قسمتی‘ کی علامت ہے۔انہیں امید ہے کہ یہ ہیرا ’دنیا بھر کے شوقین افراد‘ کی توجہ اپنی جانب مرکوز کروائے گا۔