احمدآباد23ستمبر(سیاست ڈاٹ کام )گجرات پولیس کے انسداد دہشت گردی دستے (اے ٹی ایس)اور احمدآباد کی کرائم برانچ نے سال 2002 کے گجرات فسادات کا بدلا لینے کے لئے سال 2003میں ہوئے مبینہ دہشت گردانہ سازش معاملے کے ایک ملزم کوآج یہاں ہوائی اڈے سے پکڑ لیا۔یوسف عبدالوہاب شیخ کو پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سعودی عرب سے یہاں پہنچتے ہی گرفتار کرلیا۔وہ سال 1999 سے سعودی عرب میں رہ رہاتھا اور اس وقت سازش اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لئے پیسے بھیجنے کا ملزم تھا۔پولیس نے آج بتایا کہ اس نے تین بار دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لئے پیسہ دئے تھے ۔وہ آخری بار 2002 میں احمدآباد آیاتھا۔گجرات میں فروری 2002 میں گودھرا میں سابرمتی ایکسپریس میں آتش زدگی کے بعد ہوئے فسادات کا بدلا لینے کے لئے ہوئی مبینہ سازش معاملے میں 60سے زیادہ ملزم پکڑے جاچکے ہیں،جن میں سے 22کو الگ الگ عدالتوں نے سزا بھی سنائی ہے ۔اس میں مبینہ انڈرورلڈسرغنہ داؤد ابراہیم ،چھوٹا شکیل سمیت 10سے زیادہ سبھی مطلوب ہیں۔