دارالسلام سے احکامات کی اجرائی کے بعد پرگتی بھون کا فیصلہ

   


ٹی آر ایس، کانگریس اور کمیونسٹ جماعتیں، مجلس کی کٹھ پتلی، بنڈی سنجے کا الزام
حیدرآباد ۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے دارالسلام سے احکامات وصول ہوتے ہی 17 ستمبر کو ’’تلنگانہ قومی یوم یکجہتی‘‘ منانے کا پرگتی بھون کی جانب سے فیصلہ کرنے کا دعویٰ کیا۔ کٹھ پتلی بن کر مجلس کے اشاروں پر کام کرنے کا ٹی آر ایس، کانگریس اور کمیونسٹ جماعتوں پر الزام عائد کیا۔ آج بی جے پی ہیڈکوارٹر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ برسوں سے بی جے پی سقوط حیدرآباد کی سرکاری تقاریب منانے کا مطالبہ کررہی ہے جس کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے نظرانداز کیا جارہا ہے۔ مرکزی حکومت نے سقوط حیدرآباد کی سرکاری تقاریب منانے اور 17 ستمبر کو پریڈ گراونڈ پر جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد تمام سیاسی جماعتوں نے رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تائید کررہی ہیں۔ تاہم ٹی آر ایس اور مجلس کی جانب سے تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کی بی جے پی سخت مذمت کرتی ہے۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ صدر مجلس اسدالدین نے جو فیصلہ کیا ہے اس پر عمل آوری کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر نے اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے کبھی بھی تلنگانہ کی تائید نہیں کی مگر تلنگانہ حکومت ان کے تمام فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے اس کو عملی جامہ پہنارہی ہے۔ن