درگاہ اجمیر شریف کیلئے دفتر تلنگانہ جاگروتی سے غلاف مبارک کی روانگی

   

نئی سیاسی جماعت کی کامیابی اور تلنگانہ کی ترقی کیلئے رقت انگیز دعا
روحانی اور بابرکت تقریب میں کے کویتا کی بصد عقیدت و احترام شرکت
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اپریل : ( راست ) ۔ صدر دفتر تلنگانہ جاگروتی واقع بنجارہ ہلز سے درگاہ حضرت معین الدین چشتی حسن سنجری رحمتہ اللہ علیہ اجمیر شریف کیلئے غلاف مبارک کی بصد عقیدت و احترام روانگی عمل میں آئی۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے غلاف مبارک پر عطر لگا کر روانہ کیا اور اس تقریب سے خطاب میں کہا کہ تلنگانہ میں ایک نئی سیاسی جماعت کے قیام کا عمل جاری ہے اور اس کی کامیابی، استحکام اور عوامی خدمت کیلئے درگاہ اجمیر شریف میں دعا کی غرض سے غلاف مبارک روانہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعہ نہ صرف روحانی وابستگی کا اظہار کیا جا رہا ہے بلکہ عوامی خدمت کے عزم کو بھی مزید تقویت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے تاریخی موقع پر بھی انہوں نے درگاہ اجمیر شریف پر حاضری دے کر ریاست کی خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے دعا کی تھیں اور آج پھر اسی روحانی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے نئی جماعت کی کامیابی کیلئے دعا کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔کویتا نے کہا کہ مجوزہ نئی جماعت کا بنیادی مقصد صرف عوام کی خدمت ہے اور اس سرزمین کا قرض ادا کرنا ان کی ترجیح ہے۔پروگرام کا آغاز قاری عبدالباری کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ دعا میں کویتا کے تمام جائز مقاصد کی تکمیل، نئی سیاسی جماعت کی کامیابی اور تلنگانہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے اللہ تعالیٰ سے خصوصی التجا کی گئی۔اس موقع پر تلنگانہ جاگروتی کے اقلیتی قائدین اور دیگر ذمہ داران کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے نئی سیاسی جماعت کی کامیابی کے لئے دعا کی۔k/b