سری نگر : وادی کشمیر میں جمعہ کے روز عید میلاد النبی (ص) کی اختتامی تقریبات نہایت ہی عقیدت واحترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئیں۔اس سلسلے میں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا جن میں علمائے کرام اور ائمہ مساجد نے پیغمبر اسلام (ص) کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی جبکہ نعت خوانوں نے نعتیہ کلام پڑھے ۔یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ وادی کشمیر میں جمعے کے روزعید میلاد النبی (ص)کی اختتامی تقریب کے حوالے سے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ہزاروں کی تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔ سب سے بڑی تقریب شہرہ آفاق جھیل ڈ ل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عاشقان رسول (ص) نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔درگاہ حضرت بل میں نماز جمعے کے بعد عاشقان رسول ؐموئے مقدس کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے ۔