درگاہ قاضی پیٹ مذہبی ہم آہنگی کی علامت ، آج سے عرس کا آغاز

   

زائرین کی سہولت کیلئے تمام انتظامات مکمل ، رکن اسمبلی این راجندر ریڈی ، سجادہ نشین حضرت خسرو پاشاہ کی پریس کانفرنس

ورنگل۔/9 ا گسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )قاضی پیٹ میں حضرت سید شاہ افضل بیابانی درگاہ میں 10ا گسٹ سے منعقد ہونے والے سہ روزہ عرس شریف کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔یہ بات ایم ایل اے ورنگل ویسٹ نائنی راجندر ریڈی نے سجادہ نشین بارگاہ افضلیہ حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی الرفاعی المعروف خسرو پاشاہ کے ساتھ ملکر درگاہ کے احاطے میں منعقدہ میڈیا کانفرنس میں کہی۔ایم ایل اے نائنی راجندر ریڈی نے کہا کہ عرس شریف میں زائرین کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، اس کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے باہمی تعاون سے ٹھوس انتظامات کیے گئے ہیں۔ ضلع کلکٹر کی نگرانی میں پینے کے پانی، بجلی، ٹریفک، صفائی، طبی سہولیات اور پولیس انتظامات کے سلسلے میں جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عرس کی تقریبات کی مسلسل نگرانی کے لیے آر ڈی او، جوائنٹ کلکٹر سطح کے افسران کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو بھی خصوصی طور پر مقرر کیا گیا ہے۔نائنی راجندر ریڈی نے کہا کہ قاضی پیٹ درگاہ تمام مذاہب اور طبقات کے لوگوں کو متحد کرنے والی مذہبی ہم آہنگی کی علامت ہے۔ اس موقع پر سجادہ نشین حضرت خسرو پاشاہ نے کہا کہ ایم ایل اے نائنی راجندر ریڈی کی خصوصی دلچسپی سے رواں سال درگاہ میں کئی ترقیاتی کام انجام دیے گئے ہیں۔ درگاہ میں سابقہ پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے تقریباً 40 لاکھ روپے کی لاگت سے پانی کی فراہمی کے کام مکمل کیے گئے ہیں۔خسرو پاشاہ نے بتایا کہ پولیس، محکمہ مال، میونسپل کارپوریشن، محکمہ صحت اور دیگر سرکاری محکموں کے باہمی تعاون سے عرس شریف کے تمام انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔ درگاہ کی جانب سے چھ دن تک تقریباً 30 ہزار زائرین کے لیے کھانے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ قاضی پیٹ درگاہ ہندو اور مسلم مذاہب کے درمیان محبت اور بھائی چارے کا مرکز ہے۔ اس موقع پر ’اہل بیت کا پیغام – انسانیت کے لیے‘ کے موضوع پر ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد کیا جائے گاجس میں پنجاب، اترپردیش کے لکھنؤ سمیت مختلف علاقوں سے صوفی مشائخ کے علاوہ ہندو مندروں کے پجاری، برہمن، علما اور مشائخ بھی اس پروگرام میں شریک ہوکر مذہبی ہم آہنگی، انسانیت، محبت اور امن کا پیغام دیں گے۔انہوں نے کہاکہ وزرا، ارکان اسمبلی اور دیگر عوامی نمائندے شرکت کریں گے عرس شریف کے پیش نظر کل شام ریاستی ضلع انچارج وزیر پونگولیٹی سرینواس ریڈی، اقلیتی امور کے وزیر جناب اظہرالدین، ضلع کے دیگر وزرا، ارکان اسمبلی، ایم ایل سیز اور مختلف کارپوریشنوں کے چیئرمین درگاہ پہنچ کر خصوصی دعاؤں میں شرکت کریں گے۔اس موقع پر جانشین حضرت سید بختیا ر بیابانی ،سابق کارپوریٹرمحمد ابوبکر ایڈوکیٹ، ڈویڑن صدر سنگراپو روی سمیت دیگر مقامی قائدین بھی موجود تھے۔