دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ انتخابی منشور میں شامل نہیں تھا : کے ٹی آر

   

حیدرآباد۔/31 جولائی، ( سیاست نیوز) بی آر ایس رکن کے ٹی راما راؤ نے واضح کیا کہ پارٹی نے کبھی بھی انتخابی منشور میں دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ نہیں کیا تھا۔ تصرف بل پر مباحث کے دوران وزیر امور مقننہ سریدھر بابو نے مداخلت کرتے ہوئے کہاکہ کے سی آر نے سماجی انصاف کا نعرہ لگاتے ہوئے تلنگانہ کا پہلا چیف منسٹر دلت کو بنانے کا وعد کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین کو سماجی انصاف پر اظہار خیال کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے کانگریس کے انتخابی منشور کے جواب میں مزید رعایتوں کے ساتھ انتخابی منشور جاری کیا لیکن عوام نے بی آر ایس پر بھروسہ نہیں کیا۔ انہوں نے کسانوں اور دیگر طبقات سے دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا۔ کے ٹی آر نے وضاحت کی کہ دلت کو چیف منسٹر بنانے کا انتخابی منشور میں وعدہ شامل نہیں تھا۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ بی آر ایس دور حکومت کے قرض کے بجائے اثاثہ جات میں اضافہ کا ذکر کرے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں ریاست کے اثاثہ جات اور عوام کی معاشی صورتحال میں اضافہ ہوا ہے۔ 2014 میں تلنگانہ میں اضافی آمدنی 369 کروڑ تھی جو 2022-23 میں بڑھ کر5944 کروڑ ہوچکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد اضافی بجٹ محض 209 کروڑ ہوچکا ہے۔1