نئی دہلی ۔ /21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) تبت کے روحانی پیشوا دلائی لاما نے کہا کہ دنیا کو آج ہندوستان کی عدم تشدد ، رحمدلی ، محبت اور رواداری کی قدیم روایات کی ضرورت ہے ۔ جہاں لوگ مذہب اور سرحدی تنازعات کی بنیادوں پر جھگڑرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو اپنی تین ہزار سالہ قدیم روایتی اعلیٰ اخلاقی تعلیمات کو عصری تعلیم میں شامل کرتے ہوئے تعلیمی نظام میں انقلاب لانے کی ضرورت ہے ۔ 84 سالہ روحانی پیشوا نے کہا کہ مذہبی تعلیمات کے بجائے عدم تشدد اور رواداری جیسے موضوعات تعلیمی نصاب میں شامل کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانس اسٹیڈی کے زیراہتمام 24 ویں سرواپلی رادھا کرشنن میموریل لکچر میں یہ بات کہی ۔