نئی دہلی، 20 جون (یو این آئی) ہندوستانی ریلوے نیا?ج جموں و کشمیر کی وادی کشمیر کو باقی ہندوستان کے ساتھ ریل لنک کے ذریعے جوڑنے میں ایک اہم سنگ میل حاصل کیا اور سنگلدان سے ریاسی تک تقریباً46 کلومیٹر کے راستے پر میمو ٹرین کا پہلی بار کامیاب تجربہ کیا جس میں دنیا کا سب سے اونچا چناب ریلوے پْل شامل ہے۔ جموں وکشمیر کو ایک متبادل اور قابل اعتماد نقل و حمل کا نظام فراہم کرنے کے مقصد کے تحت مرکزی حکومت کے ذریعہ زیرتعمیر 272 کلومیٹر کی ادھم پور۔سری نگر۔بارہمولہ ریل لنک پروجیکٹ (یو ایس بی آر ایل) کے تحت ادھم پور سے بارہمولہ تک وادی کشمیر کو ہندوستانی ریلوے نیٹ ورک کے ساتھ جوڑنے والی ایک لمبی ریلوے لائن کا صرف 17 کلومیٹر کا حصہ باقی رہ گیا ہے۔ اس اہم پروجیکٹ میں، بانہال سے سنگلدان تک تقریباً 48 کلومیٹر کے ایک حصے کو اس سال فروری میں کھولا گیا تھا۔