دو ایم ایل سی نشستوں کیلئے اعلامیہ جاری ‘ 29 جنوری کو پولنگ

   

حیدرآباد 11 جنوری(سیاست نیوز) چیف الکٹورل آفیسر وکاس راج نے تلنگانہ کونسل کی دو نشستوں پر ضمنی انتخابات کا اعلامیہ جاری کردیا ۔ اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی سیکریٹری اسمبلی نے علحدہ اعلامیہ جاری کرکے ارکان اسمبلی کوٹہ میں دو مخلوعہ نشستوں کیلئے علحدہ انتخابات کا اعلامیہ جاری کیا۔ دو نشستوں کیلئے پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ18جنوری ہوگی جبکہ 19 جنوری کو تنقیح ہوگی اور 22 جنوری دستبرداری کی آخری تاریخ ہوگی۔ ضرورت پر 29 جنوری کو دونوں نشستوں کیلئے رائے دہی ہوگی ۔ الیکشن کمیشن سے علحدہ بیالٹ کے استعمال کے فیصلہ پر کہا جار ہاہے کہ دونوں پر کانگریس کی کامیابی یقینی ہوگی اور بی آر ایس سے امیدوار نہیں ہوگا ۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات میں ارکان کونسل پی کوشک ریڈی اور کڈیم سری ہری کی کامیابی کے بعد دونوں نشستیں خالی ہوئی تھیں جن پر ضمنی انتخابات کروائے جا رہے ہیں۔