دونوں شہروں میں 24 گھنٹے بازار کھلا رکھنے پر غور

   

تجارتی اداروں کو رات دیر گئے تک تجارت پر
10 ہزار روپئے ادا کرنے کی شرط
حیدرآباد۔3۔مارچ۔(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں 24X7 بازار کھلے رکھنے کے متعلق منصوبہ تیار کررہی ہے!حکومت شہر حیدرآباد میں سیاحت اور معیشت کے فروغ کے لئے رات دیر گئے تک تجارتی اداروں کو کھلا رکھنے کے منصوبہ پر از سر نو منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سال گذشتہ جاری کئے گئے سرکاری احکامات کے مطابق 10ہزار روپئے ادا کرتے ہوئے تجارتی اداروں کو رات دیر گئے تک کھلا رکھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اس پر عمل آوری نہیں ہوپائی تھی کیونکہ رات کے اوقات میں تجارتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے سلسلہ میں تجارتی ادارو ںکی جانب سے دلچسپی کا مظاہر ہ نہیں کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی نے عہدیدارو ںکو اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی تیاری کرنے کی ہدایت دی ہے اور کہا کہ رات دیرگئے تجارتی مراکز کو کھلا رکھنے کی صورت میں معیشت کو استحکام حاصل ہوگا اور سیاحوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔بتایاجاتا ہے کہ بعض پولیس عہدیداروں کی جانب سے اس منصوبہ کی مخالفت کرتے ہوئے یہ دلیل پیش کی جا رہی ہے کہ رات دیر گئے کاروباری سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی اجازت دیئے جانے کی صورت میں نشہ کے عادی مجرمین کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا جبکہ اس منصوبہ کی تائید کرنے والے عہدیداروں کا کہناہے کہ دونوں شہروں میں پبس اور بار کو مقررہ وقت پر بند کرواتے ہوئے اس منصوبہ پر عمل کیا جاسکتا ہے اور ہوٹلوں کے علاوہ سوپر مارکٹس ‘ کیفے شاپ وغیرہ کو خصوصی اجازتوں کی فراہمی کے ذریعہ رات دیر گئے کاروباری سرگرمیوں کو اجازت فراہم کی جاسکتی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر نے اس منصوبہ پر عمل آوری کے علاوہ تاریخی مقامات بالخصوص چارمینار‘ گولکنڈہ ‘ گنبدان قطب شاہی کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں بھی ’نائٹ لائف‘ کے فروغ کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے حکومت کو تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے ممبئی میں 24X7 بازاروں کی سرگرمیوں اور نائٹ لائف کے سبب حاصل ہونے والے فوائد کا جائزہ لینے کی جی ایچ ایم سی ‘ محکمہ کمرشیل ٹیکس اور محکمہ لیبر کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ رپورٹ پیش کریں۔3