کوہیر ۔7 اکٹوبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ضلع سنگاریڈی کے کوہیر منڈل میں واقع دیگوال موضع میں مجویزہ انڈسٹریل پارک کے قیام کے لیے محکمہ ریونیو اور جنگلات کے حکام نے اراضیات کے حصول (Land Acquisition) کے عمل کو تیز کرتے ہوئے اراضیات کے سروے کا آغاز کردیا ہے۔ اس موقع پر کوہیر منڈل تحصیلدار سی ایچ سپریا نے بتایا کہ تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن (TGIIC) کو صنعتی پارک کے لیے کل 782.22 ایکڑ اراضی حاصل کرنے کی تجاویز موصول ہوئی ہیں، جس میں 572.01 ایکڑ مختص (Assigned) اراضی اور 210.21 ایکڑ پٹہ اراضی شامل ہے۔تاہم، حصول کے دائرے میں آنے والی زمینوں کے ریکارڈ کی چھان بین کے دوران حکام کو معلوم ہوا کہ متعدد سروے نمبروں میں پٹہ داروں کی تفصیلا ت واضح نہیں ہیں۔ اس بات میں شک وشبہ پایا جاتا ہے کہ یہ اراضی آباؤ اجداد سے وراثت میں ملی ہے حکومت کی جانب سے تفویض کی گئی ہے یا خریدی گئی ہے۔مزید برآں، ابتدائی جانچ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مجویزہ اراضی کے کچھ سروے نمبروں میں جنگلات (Forest) اور وقف اراضی بھی شامل ہیں۔اس صورتحال کے پیش نظر ظہیر آباد کے ریونیو حکام نے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ حکام فی الوقت ایک جامع رپورٹ تیار کر رہے ہیں، جس میں تمام سروے نمبروں کے مالکانہ حقوق، مختص اراضی کی تفصیلات اور جنگلات و وقف اراضی سے متعلق تنازعات کی یکسوئی کرلی جائے گی تاکہ حصول اراضی کے عمل کو شفاف طریقے سے آگے بڑھایا جا سکے۔ اس موقع پر ظہیرآباد فاریسٹ رینج آفیسر شام راؤ۔کوہیر منڈل ریوینیو انسپکٹر اشونی کمار کے علاوہ ریوینیو اور محکمہ جنگلات کے دیگر عہدے دار موجود تھے۔