دھرانی ریکارڈس کی خانگی فرمس کو منتقلی :ایم کودنڈا ریڈی کا الزام

   

حیدرآباد ۔ 12 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : دھرانی سے متعلق ریاستی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کمیٹی کے رکن ایم کودنڈا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ اراضی ریکارڈس کو ایک بیرونی کمپنی سے خانگی فرمس کو منتقل کیا گیا جس کے مالک کے ٹی آر کے قریبی ساتھی ستیم راما لنگم راجو کے رشتہ دار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اراضی ریکارڈس کے کی نگہداشت کو بیرونی کمپنی سے تین کمپنیوں کو منتقل کیا گیا ہے ۔ یہاں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس وقت کی بی آر ایس حکومت نے یہ کہتے ہوئے غریب کسانوں کو دھمکی دی تھی اور انہیں ڈرایا تھا کہ ان کے قبضہ میں موجود زمین سرکاری اراضی ہے ۔ بی آر ایس حکومت نے ان اراضیات کے رجسٹریشن پر امتناع عائد کیا تھا ۔ جب یہ اراضیات اثر و رسوخ رکھنے والوں کے نام پر منتقل ہوئیں تو حکومت نے ان اراضیات کو ممنوعہ فہرست سے نکال دیا ۔ اس دوران ریاستی حکومت نے دھرانی درخواستوں کی خصوصی مہم میں 11 مارچ سے 17 مارچ تک توسیع کی ہے تاکہ باقی زیر التواء درخواستوں پر کارروائی کی جائے ۔۔