دھرانی پورٹل کی بے قاعدگیوں پر 4 جنوری کو کانگریس کارکنوں کو ٹریننگ

   


حیدرآباد ۔30 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے دھرانی پورٹل میں بے قاعدگیوں کے بارے میں پارٹی کارکنوں کیلئے 4 جنوری کو ٹریننگ پروگرام کا اہتمام کیا ہے۔ بوئن پلی میں واقع گاندھی آئیڈیالوجی سنٹر میں ایک روزہ ٹریننگ پروگرام منعقد ہوگا جس میں قائدین اور کارکنوں کو دھرانی پورٹل کی بے قاعدگیوں کے خلاف جدوجہد کی تربیت دی جائے گی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ٹریننگ کے سلسلہ میں سینئر عہدیداروں کو ذمہ داری دی ہے۔ نائب صدور ٹی کمار راؤ اور ڈاکٹر ملو روی کو اس پروگرام کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ۔ یہ قائدین 26 جنوری سے شروع ہونے والی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کے سلسلہ میں سینئر قائدین سے تال میل برقرار رکھیں گے۔ پردیش کانگریس کے نائب صدر ایچ وینوگوپال راؤ اور جنرل سکریٹری کے نیلماں کو ماہرین اور ٹرینرس کے درمیان دھرانی پورٹل کے معاملہ میں بحیثیت کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ۔ جی نرنجن ٹریننگ پروگرام میں الیکشن کمیشن کے قواعد سے کارکنوں کو واقف کرائیں گے ۔ نائب صدر جی ونود ریڈی نئی ضلع کمیٹیوں سے ربط میں رہیں گے تاکہ ہر ضلع سے کارکنوں کی ٹریننگ پروگرام میں شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے دھرانی پورٹل سے کسانوں اور عوام کو ہونے والی دشواریوں کے خلاف مہم کا فیصلہ کیا ہے۔ ر

اس سلسلہ میں ہر اسمبلی حلقہ میں کیڈر کو تیار کیا جائے گا اور دھرانی پورٹل کے نقائص سے واقف کرایا جائے گا۔ر