نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے دہلی ایکسائز پالیسی معاملے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی جانچ کے سلسلے میں جمعہ کو ملک بھر میں کئی مقامات پر چھاپے مارے ۔ای ڈی ذرائع کے مطابق بنگلورو، حیدرآباد، چینائی اور نیلور سمیت 40 مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ 10 دنوں کے اندر اس معاملے میں یہ ایک اور بڑی کارروائی ہے ۔اس سے قبل 6 ستمبر کو ملک بھر میں 35 سے زیادہ مقامات پر چھاپے مارے تھے ۔سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے اس ماہ کے شروع میں اسی معاملے میں غازی آباد میں دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسوڈیا کے بینک لاکر کی تلاشی لی تھی اور ان کی رہائش گاہ پر تقریباً 14 گھنٹے تک تلاشی مہم چلائی تھی۔ سی بی آئی نے سیسوڈیا اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔مبینہ شراب پالیسی گھپلے میں مبینہ اسٹنگ آپریشن کا ایک ویڈیو سامنے آنے کے ایک دن بعد سیسوڈیا نے اس ویڈیو کی صداقت پر سوال اٹھائے اور بی جے پی کو انہیں گرفتار کرنے کا چیلنج دیا۔ سیسوڈیا نے جمعرات کو بی جے پی پر ان کے خلاف سازش رچنے اور مبینہ اسٹنگ ویڈیوز سامنے لانے کا الزام لگایا۔