نئی دہلی: سی بی آئی نے بچوں کی اسمگلنگ کے معاملہ میں دہلی کے کئی علاقوں میں چھاپے مارے ہیں۔ چھاپے کے دوران سی بی آئی کی ٹیم نے کیشو پورم کے ایک گھر سے دو نوزائیدہ بچوں کو بچایا۔ ابتدائی تحقیقات میں خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ معاملہ نومولود بچوں کی خرید و فروخت سے متعلق ہے۔ فی الحال سی بی آئی کی ٹیم بچوں کو بیچنے والی خاتون اور انہیں خریدنے والے شخص سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اس معاملہ میں سی بی آئی کی ٹیم نے ایک خاتون سمیت کچھ لوگوں کو حراست میں لیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ سی بی آئی نے این سی آر اور دہلی میں بچوں کی اسمگلنگ کے معاملہ میں 7-8 بچوں کو بچایا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں ہاسپٹل کا وارڈ بوائے اور کچھ خواتین بھی شامل ہیں۔ سی بی آئی ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں تقریباً 10 بچوں کو فروخت کیا گیا ہے۔ اس اسمگلنگ کی ڈور کئی ریاستوں میں پھیلی ہوئی ہے۔ کئی بڑے ہاسپٹل سی بی آئی کے ریڈار پر ہیں۔ ان بچوں کو 4 سے 5 لاکھ روپے میں فروخت کیا جاتا ہے۔ جن لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے وہ دہلی میں کرائے پر رہتے تھے۔