دہلی میں بچوں کی اسمگلنگ کا پردہ فاش، ملزمہ نے بیٹے کو بھی بیچ دیا

   

نئی دہلی : ملک کی راجدھانی دہلی میں ریلوے پولیس نے بچوں کی اسمگلنگ کرنے والے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ اس معاملے میں چار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس گینگ کی مرکزی ملزم 34 سالہ خاتون ہے، جو بچوں کو اغوا کرکے فروخت کرتی تھی۔چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ اس نے نہ صرف دوسرے بچوں کو فروخت کیا بلکہ اپنے ہی بیٹے کو بھی رقم کے عوض بیچ دیا۔ ریلوے پولیس نے بتایا کہ خاتون کو اس ماہ کے شروع میں نئی دہلی ریلوے اسٹیشن سے دو اغوا شدہ بچوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔پوچھ گچھ کے دوران اس نے انکشاف کیا کہ وہ مالی مجبوریوں کی وجہ سے اپنے 15 ماہ کے بیٹے کو فروخت کرنے کا منصوبہ بنا رہی تھی۔ قبل ازیں اس نے اپنے 6 سالہ بیٹے کو 90 ہزار روپئے میں بیچ دیا تھا ۔