نئی دہلی 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس نے آسام سے آنے والے تین افراد کو پکڑ کر ان کے قبضہ سے عصری دھماکو مواد اور آلات ضبط کرلیا جس کے نتیجہ میں قومی دارالحکومت میں ایک بڑا دہشت گرد حملہ ٹل گیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس پرمود سنگھ کشواب نے کہاکہ تین ملزمین مکادر، اسلام، رنجیت علی اور جمیل لوئیت کو جن کی عمر 20 سال سے زائد ہے آسام پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران دہلی پولیس نے گرفتار کرلیا۔ انھیں اتوار کو تحویل میں لے لیا گیا۔ یہ تینوں آئی ایس آئی ایس ماڈیول سے متاثر تھے اور آسام کے ضلع گولیارہ میں پیر کو ایک مقامی جشن کے دوران دہشت گرد حملے کا منصوبہ بنارہے تھے۔ اُنھوں نے دہلی میں بڑے پیمانے پر دہشت گرد حملے کا منصوبہ بھی بنایا تھا۔