الوال میں واقعہ ۔ ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ۔ کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد۔/17 اپریل، ( سیاست نیوز) انسان تو انسان جانوروں میں بھی فرق کرنے والے انسان بھی اس سماج میں ہیں جو جانوروں کے ساتھ بھی بدترین سلوک کرکے انسانیت کو شرمسار کررہے ہیں۔ ایسا ایک واقعہ مضافاتی علاقہ الوال میں پیش آیا۔ ایک شخص کی انسانیت سوز حرکت اور جانوروں سے بدسلوکی پر شہری افسوس ظاہر کررہے ہیں اور ارباب مجاز سے اس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے پالتو کتے کیلئے ایک شہری نے آوارہ کتے کے پانچ بچوں کو ہلاک کردیا۔ آوارہ کتے کے ان بچوں کا قصور محض یہ تھا کہ وہ کھیل کے دوران اس پالتو کتے کے قریب آیا کرتے تھے شائد جانور ہونے کے ناطے اس پالتو کتے سے دوستی کرنا چاہتے تھے لیکن یہ بات اس شہری آشیش کو پسند نہیں آئی اور اس نے کتے کے ان پانچ بچوں کو دیوار پر مار مار کر ہلاک کردیا۔ آشیش کی انسانیت سوز حرکت کا ویڈیو وائرل ہوگیا اور شہری اس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ فتح نگر کے اپارٹمنٹ میں آشیش مقیم ہے۔ اس حرکت کو خان نامی اسی اپارٹمنٹ کے ساکن نے منظر عام پر لایا ۔ کتے کے بچوں کے اچانک غائب ہوجانے پر ساکنان کو آشیش پر شبہ ہوا اور انہوں نے اپارٹمنٹ کے کیمروں کی جانچ کی اور آشیش کی حرکت کو سوشیل میڈیا پر وائرل کردیا۔ اس اپارٹمنٹ میں ایک آوارہ کتا اور اس کے 5 بچے رہتے تھے اور آشیش اپنے پالتو کتے کو لیکر اکثر سیر کیلئے نکلا کرتا تھا۔ اس دوران آوارہ کتوں سے پالتو کتے کی رغبت آشیش کو ہضم نہیں ہوئی۔ خود اس کے اپارٹمنٹ کے ساکنان اور پڑوسیوں نے الوال پولیس سے آشیش کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ع