30 دوکانات خاکستر۔ کروڑوں روپئے مالیت کا نقصان ۔ کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایاگیا
حیدرآباد : 10فبروری ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ دیوان دیوڑھی میں پیش آئے مہیب آتشزدگی کے واقعہ سے علاقہ میں سنسنی پیدا ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اتوار کی رات دیر گئے اچانک لگی آگ کے سبب تقریباً 30 دوکانات خاکستر ہوگئیں ۔ دیوان دیوڑھی کے مدینہ اور عباس ٹاور میں آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے دوسری دوکانات تک پھیل گئی ۔ عمارت کی چوتھی منزل پر لگی آگ کے سبب 30 دوکانات تباہ ہوگئیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ رمضان المبارک کے پیش نظر تاجروں نے اسٹاک کر رکھا تھا جو تباہ ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ رات تقریباً ایک بجے آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ۔ تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر سے فائر انجن پہنچنے کی اطلاعات ہیں ۔ اس دوران آگ جو تیزی سے پھیل رہی تھی اپنا کام کرگئی اور دوکانات اور اس میں موجود اسٹاک کو جلاکر رک دیا ۔ اس بھیانک اور تباہ کن آگ پر قابو پانے مغلپورہ کے علاوہ شہر کے دیگر مقامات سے 14 فائر انجن گاڑیوں کو طلب کرلیا گیا اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ۔ پرانے شہر کے اس مصروف اور کاروباری علاقہ میں آتش فرو عملہ کی گاڑیوں کو پہنچنے میں کافی مشکلات کا سامنا رہا ۔ تاہم رات کا وقت ہونے سے ٹریفک میں کمی کے سبب گاڑیاں مقام حادثہ پہنچنے میں تاخیر نہیں ہوئی بلکہ واقعہ کی اطلاع ہی تاخیر سے دینے کا الزام ہے ۔ دیوان دیوڑھی میں پیش آئے اس حادثہ میں تاجروں کا غیر معمولی نقصان ہوا ہے ۔ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر نئے اسٹاک کو برآمد کیا گیا تھا اور دیوان دیوڑھی سے ہول سیل فروخت ہوتی تھی ۔ حادثہ کے بعد تاجروں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی اور نقصانات کی وجہ سے شدید مشکلات پیش آنے کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ اس علاقہ میں آئندہ ایسے واقعات کے تدارک اور فوری ڈیزاسٹر سسٹم کو یقینی بنانے اقدامات کی شدت سے ضرورت محسوس کی جارہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجہ برقی شاک سرکٹ ہوسکتی ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع