دیوڑھی خورشید جاہ کی حالت زار پر بالآخر حکومت کی توجہ

   


10 کروڑ کے صرفہ سے عظمت رفتہ کو بحال کیا جائے گا ۔ اروند کمار
حیدرآباد۔30۔ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت کی توجہ بالاخر خورشید جاہ کی دیوڑھی پر مرکوز ہوئی اور 10کروڑ کی لاگت سے خورشید جاہ کی دیوڑھی کی عظمت رفتہ کی بحالی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ محکمہ بلدی نظم ونسق نے حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذریعہ اس تاریخی دیوڑھی کی تزئین نوکے ذریعہ خوبصورتی کو بحال کرنے کے اقدامات کو منظوری دی ہے۔ پرنسپل سیکریٹری بلدی نظم ونسق اروند کمار نے دیوڑھی خورشید جاہ کا دورہ کرنے کے بعد اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ اس بات کی اطلاع دی کہ اس عظیم الشان عمارت کی تزئین نو کیلئے 10کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے اس عمارت میں جاری فلموں کی شوٹنگ اور عمارت کی حالت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذریعہ اسے سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے اقدامات کئے جائیں گے اور اس دیوڑھی کے روبرو فواروں کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے گا۔ مسٹر اروند کمار نے بتایا کہ محکمہ بلدی نظم و نسق کے منصوبہ کے مطابق ان کاموں کی تکمیل کیلئے دو برس درکار ہوں گے اور دو برسوں میں خورشید جاہ کی دیوڑھی کے تزئین نو و ترقیاتی کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مطلع کیا کہ خورشید جاہ کی دیوڑھی سے متعلق جو نزاعات جاری تھے انہیں حل کرلیا گیا ہے اور اب حکومت کی نگرانی میں اس عمارت کی تزئین اور اسے خوبصورت بنانے کے کام انجام دیئے جائیں گے۔ انہوں نے گذشتہ کئی برسوں سے اس عمارت کو شوٹنگ کیلئے دیئے جانے کے سبب اس میں کی گئی تبدیلیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب عمارت کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی بلکہ اس کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات یقینی بناکر جلد از جلد کاموں کو مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ پرانے شہر کے گنجان آبادی والے علاقہ شاہ گنج میں واقع خورشید جاہ کی دیوڑھی کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے حکومت کی پیشرفت کے بعد کہا جا رہاہے کہ اب محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے پرانے شہر کی دیگر تاریخی عمارتوں پر بھی توجہ مرکوز کی جاسکتی ہے ۔م

تاکہ پرانے شہر میں سیاحتی سرگرمیوں کوبہتر بنایا جاسکے۔