دیپاداس منشی نے بی جے پی لیڈر پربھاکر کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا

   

حیدرآباد 7 جون (سیاست نیوز) اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ دیپاداس منشی آج نامپلی عدالت میں پیش ہوئیں جہاں اُنھوں نے بی جے پی کے لیڈر این وی ایس ایس پربھاکر کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ بی جے پی قائد نے لوک سبھا انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملہ میں دیپاداس منشی پر الزامات عائد کئے تھے۔ کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی، رگھوویر ریڈی، انیل کمار یادو کے علاوہ ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی، راجگوپال ریڈی، ڈی ناگیندر اور دیگر قائدین اُن کے ساتھ موجود تھے۔ دیپا داس منشی نے پربھاکر کے خلاف بیگم بازار پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا تھا اور آج اِس معاملہ کی سماعت مقرر تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ عدالت نے آئندہ تاریخ کے لئے سماعت کو ملتوی کردیا ہے۔ پربھاکر نے الزام عائد کیا تھا کہ انچارج جنرل سکریٹری کے طور پر دیپاداس منشی نے لوک سبھا ٹکٹ کے لئے مرسڈیز بینز گاڑی حاصل کی تھی۔ دیپاداس منشی نے بی جے پی لیڈر کے الزامات پر اُنھیں قانونی نوٹس جاری کی اور ثبوت پیش کرنے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر اُن پر 10 کروڑ روپئے ہرجانہ کا دعویٰ پیش کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 5 برسوں میں تلنگانہ کے انچارج جنرل سکریٹریز کے خلاف پارٹی کے اندر اور باہر کئی قائدین نے ٹکٹوں کی تقسیم میں بھاری رقومات حاصل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ بی جے پی لیڈر پربھاکر کا ماننا ہے کہ وہ قانونی طور پر عدالت میں اپنے الزامات کی وضاحت کریں گے۔ 1