تین ملازمین کو ٹکر ، ایک فوت ، دو زخمی ۔ علاقہ میں غم و افسوس کی لہر
دیگلور ۔17نومبر ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) دیگلور شہر کے بھائیگاؤں روڈ علاقے میں واقع کل دوپہر تیز رفتار ایک ہونڈا سیٹی کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سیدھے’’سائی بابا کرانہ دوکان‘‘ میں گھس گئی۔اطلاعات کے بموجب اس حادثے میں دوکان میں کام کرنے والے تین ملازمین شدید زخمی ہو گئے جس میں سے ایک بزرگ ملازم ڈگمبر نیورتی دبڑے (عمر 68 سال) ساکن سائی نگر بھائیگاؤں روڈ دیگلور کی جائے واردات پر ہی موت ہو گئی، جبکہ دو دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ اس واردات کے باعث علاقے میں غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔پولیس کے مطابق ڈگمبر دبڑے سائی بابا دوکان میں کام کر رہے تھے۔ اسی دوران ہونڈا سٹی کار (نمبر MH 06 AL 1898) کے ڈرائیور نے تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے سبب وہ بے قابو ہو گئی۔ اس حادثے میں کار کی زد میں آنے سے دو دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔اس معاملے میں متوفی کے فرزند اُوماکانت ڈگمبر دبڑے (ساکن چینچ گاؤں) نے دیگلور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔شکایت کی بنیاد پر ہونڈا سٹی کار کے ڈرائیور کے خلاف دیگلور پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 549/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعات 106(1) اور 281 کے مطابق مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس نے اس واقعہ کی اطلاع دی ہے۔ حادثے کے باعث بھائیگاؤں روڈ کے علاقے میں کچھ وقت کے لیے ٹریفک متاثر رہی۔شہری علاقوں میں گاڑیوں کو تیز رفتاری اور لاپرواہی سے چلانے والے ڈرائیوروں کی وجہ سے بے قصور شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑ رہی ہیں۔ اس واردات نے ایک بار پھر شہر میں ٹریفک اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کا سنگین سوال کھڑا کر دیا ہے۔