ذات پات پر مبنی مردم شماری کیلئے چیف منسٹر کو مبارکباد،کمزور طبقات کو سیاسی شعبہ میں حصہ داری یقینی

   

حیدرآباد۔/18 فروری، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کیلئے اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کمزور اور پسماندہ طبقات کی حقیقی آبادی کا پتہ چلانے میں جامع سروے مددگار ثابت ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ریاستی کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ جامع سروے کے نتیجہ میں تعلیم، ملازمتوں اور سیاسی میدان میں بی سی طبقات کو مناسب حصہ داری مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کی ہدایت دی ہے اور مرکز میں کانگریس برسراقتدار آنے پر قومی سطح پر مردم شماری کی جائے گی۔ ہنمنت راؤ نے آج عنبرپیٹ میں مہاتما جیوتی راؤ پھولے کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کمزور اور پسماندہ طبقات کو انصاف کی فراہمی صرف کانگریس پارٹی سے ممکن ہے۔1