راج ناتھ سنگھ آج سابق فوجیوں کی ریالی تقریبات کی قیادت کریں گے

   

ہر سال 14 جنوری کو سابق فیلڈ مارشل کے ایم کری اپا کی فاتحانہ قیادت کیلئے یہ دن منایا جاتا ہے

نئی دہلی : وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کل یعنی 14 جنوری کو کانپور کے ایئر فورس اسٹیشن میں سابق فوجیوں کی ریالی کے ساتھ آٹھویں مسلح افواج کے یوم سابق فوجی کی ملک گیر تقریبات کی بھی قیادت کریں گے ۔ وہ قوم کے لیے ان کی عظیم قربانی اور ملک کے لیے وقف خدمات کو خراج پیش کرنے جنگی یادگار پر گلہائے عقیدت بھی پیش کریں گے ۔ اس سال سری نگر، پٹھانکوٹ، دہلی، کانپور، الور، جودھ پور، گوہاٹی، ممبئی، سکندرآباد اور کوچی سمیت ملک بھر میں 10 مقامات پر تینوں سروسز کے ذریعہ یہ تقریب منائی جارہی ہے ۔ وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ سکندرآباد میں منعقدہ پروگرام کی صدارت کریں گے ۔ یہ تقریب نئی دہلی کے مانیک شا سینٹر میں منعقد کی جائے گی اور اس میں فضائیہ کے سربراہ اور بحریہ کے سربراہ شرکت کریں گے ۔ یوم سابق فوجیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے متعلقہ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ ؍لیفٹیننٹ گورنرز سے اپنی اپنی ریاستوں؍مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس دن کو منانے کی درخواست کی گئی ہے ۔ پروگرام کے دوران فوجیوں کو تمغے ؍ یادگاری؍ شناختی اسناد وغیرہ سے نوازا جائے گا۔ تقریب کے ایک حصے کے طور پر ‘V فار ویٹرنز’ ترانہ، فوجیوں کے لیے ایک گانا بھی گایا جائے گا۔ خیال رہے کہ مسلح افواج کے سابق فوجیوں کا دن ہر سال 14 جنوری کو منایا جاتا ہے کیونکہ ہندوستانی فوج کے پہلے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل کے ایم کری اپا نے 1947کی جنگ میں فوج کی فاتحانہ قیادت کی تھی ۔ یہ دن پہلی بار سال 2016 میں منایا گیا تھا اور اس کے بعد سے یہ ہر سال سابق فوجیوں کے اعزاز میں اس طرح کے انٹرایکٹو پروگراموں کی میزبانی کرکے منایا جاتا ہے ۔