راج پتھ پر ثقافتی تنوع اور لوک فنون کا انوکھا امتزاج

,

   

مختلف علاقوں کی تہذیب کے دلکش نظارے دیکھنے میں آئے

نئی دہلی: ملک کے 73 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر چہارشنبہ کو راج پتھ پر منعقدہ مرکزی تقریب میں ثقافتی اور لوک فنون کا ایک انوکھا امتزاج نظر آیا۔
٭ صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے ریپلک ڈے پریڈ کی سلامی لی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی اور کئی کابینی وزراء کے علاوہ اپوزیشن قائدین اور دیگر معزز شخصیتیں موجود رہے۔
٭ اس بار تقریبات میں بہت سی تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں اور پہلی بار وزیر اعظم نے انڈیا گیٹ کے بجائے نیشنل وار میموریل پر جا کر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
٭ اس سال یوم جمہوریہ کی پریڈ کے دوران 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور نو وزارتوں؍محکموں کی جھانکیاں نکالی گئیں۔
٭ میگھالیہ کی جھانکی میں ریاست کی 50 سالہ تاریخ کو دکھایا گیا۔ اس جھانکی میں خواتین کی قیادت میں کوآپریٹو سوسائیٹیز اور سیلف ہیلپ گروپس کو دکھایا گیا ۔
٭ ہریانہ کی جھانکی ٹوکیو اولمپکس پر مبنی تھی۔ ہریانہ کی جھانکی میں پہلوان بجرنگ پونیا، جیولین تھروور سمت انتل اور ہاکی کھلاڑی رانی رامپال کو دکھایا گیا۔
٭ اترپردیش کی جھانکی میں اس بار کاشی وشوناتھ مندر بنیادی مرکز میں رہا۔ کاشی وشوناتھ کوریڈور جس کا حال ہی میں وزیراعظم نریندرمودی نے افتتاح کیاہے ،اسے اہمیت کے ساتھ دکھایا گیا ہے ۔
٭ اتراکھنڈ کی جھانکی میں سکھوں کے سربراہ تیرتھ ہیم کنڈ صاحب ،ٹہری ڈیم ،ڈوبرا چانٹھی پل اورچار دھام میں سے ایک بدری ناتھ دھام کے ساتھ ہی حکومت کی اتراکھنڈ کے چار دھام کے سلسلے جاری اہم منصوبے ‘آل ویدر روڈ’کا مظاہرہ کیا گیا۔