جے پور، 14 نومبر (یو این آئی) راجستھان میں پنچایتی راج اداروں کے عام انتخابات 2026 کے چوتھے اور آخری مرحلے میں 25 اضلاع میں ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی ارکان کے انتخاب کیلئے آج پرامن ووٹنگ مکمل ہو گئی۔ اس دوران 70 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق صبح 7 بجے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ووٹنگ شروع ہوئی اور شام 6 بجے تک جاری رہی۔ اس دوران 70.95 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ سب سے زیادہ ووٹنگ بانسواڑہ ضلع کے چھوٹی سیوڑا پنچایت سمیتی علاقہ میں 89.03 فی صد رہی، جبکہ سب سے کم ووٹنگ بیاور ضلع کی مسودا پنچایت سمیتی میں 54.69 فیصد درج کی گئی۔ اس سے پہلے صبح 7 بجے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ووٹنگ شروع ہوئی۔ پہلے 3 گھنٹوںمیں 15.81 فی صد، دوپہر ایک بجے تک 39.15 فی صد اور دوپہر 3 بجے تک 55.43 فی صد ووٹنگ درج کی گئی۔ پنچایت انتخابات کے اس آخری مرحلے میں بالوترا، بانسواڑہ، باراں، بیاور، بھرت پور، بیکانیر، بوندی، چتوڑگڑھ، چورو، دیدوانہ۔ کوچامن، ڈیگ، دھول پور، گنگا نگر، ہنومان گڑھ، جے پور، جیسلمیر، جالور، جھنجھنو، کرولی، خیرتھل۔ تجارہ، پرتاپ گڑھ، سوائی مادھوپور، سلومبر، سیکر اور ٹونک اضلاع میں ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی ارکان کے انتخاب کیلئے ایک کروڑ 5 لاکھ 94 ہزار 285 ووٹروں میں 70 فی صد سے زیادہ نے اپنے ووٹ ڈالے ۔ ان اضلاع میں ضلع پریشد کے 382 وارڈوں میں 1,322 امیدوار اپنی انتخابی قسمت آزما رہے تھے ، جبکہ ان اضلاع کی 116 پنچایت سمیتیوں کے 2,142 وارڈوں میں ارکان کے انتخاب کے لیے 7,521 امیدواروں نے انتخاب لڑا۔ ووٹوں کی گنتی 20 نومبر کو کی جائے گی۔