غیر مسلم طلبہ بھی اردو میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں
حیدرآباد ۔3۔ اکتوبر (سیاست نیوز) راجستھان میں سرکاری ملازمت کیلئے انگلش سے زیادہ اردو کارآمد ثابت ہوئی ہے۔ ٹونک ضلع کے ایک گاؤں میں ہر نوجوان اردو سیکھنے کی دوڑ میں ہیں تاکہ سرکاری امتحان کی تیاری کرتے ہوئے ٹیچر کی ملازمت حاصل کرے۔ 2022 میں اردو تعلیم حاصل کرنے کے جذبہ میں اضافہ دیکھا گیا اور کلپنا مینا نامی طالبہ نے جس کی عمر 20 سال ہے، 12 ویں کلاس کا امتحان 100 نشانات کے ساتھ اردو میں کامیاب کیا۔ اگرچہ انہوں نے صد فیصد نشانات کے ساتھ کامیابی حاصل کی لیکن اس طرح کے کئی اور امیدوار بھی ہیں جنہوں نے صد فیصد نشانات کے ذریعہ کامیابی حاصل کی۔ دارالحکومت جئے پور سے 85 کیلو میٹر کے فاصلہ پر موجود سدرا گاؤں کے 100 سے زائد اردو ٹیچرس اور پروفیسرس راجستھان کے مختلف علاقوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ہر سال اس گاؤں میں بڑی تعداد میں اردو ٹیچرس تیار ہوتے ہیں۔ گاؤں والے اردو میں آپس میں بات چیت کرتے ہیں اور اپنے بچوں کو اردو کی تعلیم دے رہے ہیں۔ اردو تعلیم کے حصول کے ذریعہ سرکاری ملازمت کے امکانات زیادہ ہیں۔ سابق میں اردو ٹیچرس کی جائیدادیں ایس سی طبقہ کیلئے محفوظ کئے جانے کے سبب کئی جائیدادیں مخلوعہ تھیں لیکن اب سدرا گاؤں کے عوام نے اس کمی کو پورا کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس گاؤں سے 6000 سے زائد افراد نے اردو تعلیم حاصل کرتے ہوئے سرکاری ملازمت حاصل کی ہے۔ راجستھان میں سدرا کو اردو گاؤں بھی کہا جاتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اطراف کے مواضعات کے اسکولوں میں بھی اردو تعلیم کا آغاز کیا گیا ہے۔ اردو میں ملازمت کے امکانات کو دیکھتے ہوئے غیر اردو داں خاندان بھی اپنے بچوں کو اردو کی تعلیم دے رہے ہیں جس کی مثال کلپنا ہے جس نے اردو میں 100 نشانات حاصل کئے ۔ کلپنا فی الوقت اردو میں بیچلرس کی تعلیم حاصل کر رہی ہے اور اس کے اردو ٹیچر کے طور پر تقرر کے امکانات روشن ہیں۔ کلپنا کے والد رام پھول مینا نے اپنی دختر کی اردو تعلیم پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم سے ہی دختر کو اردو میں تعلیم دی کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ اردو میں تعلیم سے کئی گاؤں والوں کو روزگار حاصل ہوا ہے۔ سدرا کے اسکول میں موجود 460 طلبہ میں 300 اردو میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ ان میں سے 160 چھٹویں تا دسویں جماعت اور 92 گیارھویں اور بارھویں جماعت کے طالب علم ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اردو کلاسس کے لکچررس گنگادھر مینا اور سوپال چودھری ہیں۔ 1