راجندر نگر میں ہائی کورٹ کیلئے حکومت سے 100 ایکر اراضی مختص،عنقریب سنگ بنیاد، اراضی حوالگی کیلئے چیف سکریٹری کے احکامات

   

حیدرآباد۔5۔جنوری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے نئے ہائی کورٹ کی تعمیر کے لئے 100 ایکڑ اراضی کی تخصیص کے لئے جی او ایم ایس 55 جاری کرتے ہوئے اراضی کی حوالگی کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ حکومت نے راجندر نگر کے علاقہ میں نئے ہائی کورٹ کی عمارت کا ماہ جنوری کے دوران سنگ بنیاد رکھنے کا اعلان کیا تھا اور اس فیصلہ کے بعد کافی غور و خوض کے بعد حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق چیف سیکریٹری حکومت محترمہ شانتی کماری کی جانب سے 100 ایکڑ اراضی کی تخصیص کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے جی او کے مطابق مذکورہ اراضی ضلع رنگاریڈی کے منڈل راجندر نگر میں مواضعات پریماوتی پیٹ اور بدویل میں موجود ہے اور اس اراضی کے تمام سرورے نمبرات جو کہ نئے تلنگانہ ہائی کورٹ کی تعمیر کے لئے مختص کئے گئے ہیں ان کی حوالگی عمل میںلانے کے احکامات جاری کئے جاچکے ہیں۔ گذشتہ ماہ چیف جسٹس تلنگانہ جسٹس آلوک ارادھے اور دیگر ججس نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے ایم سی ایچ آرڈی میں ملاقات کے دوران نئے ہائی کورٹ کی عمارت کے سلسلہ میں متوجہ کرواتے ہوئے کہا تھا موجودہ ہائی کورٹ کی عمارت ناکافی ثابت ہورہی ہے اسی لئے نئے ہائی کورٹ کی تعمیر ناگزیر تصور کی جار ہی ہے۔ چیف منسٹر نے ججس اور دیگر محکمہ قانون کے عہدیداروں سے ملاقات کے فوری بعد اس بات کا اعلان کیا تھا کہ حکومت کی جانب سے 100 ایکڑ اراضی پر محیط نئے ہائی کورٹ کی عمارت کی تعمیر کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں حکومت نے اب جی او جاری کرتے ہوئے اراضی مختص کردی ہے اور حکومت کی جانب سے نئے ہائی کورٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں جلد ہی سنگ بنیاد رکھتے ہوئے تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز کردیا جائے گا۔