شمس آباد 30 جنوری (سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ حیدرآباد میں بم رکھنے کی جھوٹی اطلاع سے سنسنی پھیل گئی۔ تفصیلات کے مطابق سائبرآباد پولیس کنٹرول روم کو ایک نامعلوم فون کال موصول ہوا۔ جس میں بم رکھنے کی جھوٹی اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی ایرپورٹ سکیورٹی عملہ اور شمس آباد آر جی آئی اے پولیس فوراً حرکت میں آگئی۔ ایرپورٹ کے دونوں ٹرمینلس کے علاوہ پورے ایرپورٹ کی تلاشی شروع کی۔ بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کے ذریعہ پورے ایرپورٹ کی تلاشی لینے پر یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ فرضی کال تلنگانہ کے ضلع کاکماریڈی سے کیا گیا تھا۔ فون کرنے والے کو گرفتار کرلیا اور تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ فون کال کرنے والے شخص کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے۔ بم کی جھوٹی اطلاع ثابت ہونے کے بعد ایرپورٹ حکام اور پولیس نے راحت کی سانس لی۔ (ش)