نئی دہلی :صدر جمہوریہ کے خطاب پر تحریک تشکرپر مباحث کے جواب میں وزیر اعظم مودی نے 6 فروری کو راجیہ سبھا میں طویل تقریر کی۔ انھوں نے ایوان بالا میں کئی ایسی باتیں رکھیں جس پر کانگریس نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ جئے رام رمیش نے تو جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے مودی پر 90 منٹ تک جھوٹ کی گنگا بہانے کا الزام عائد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ 90 منٹ کی تقریر تھی وہی ’پردھان منتری اتیہاس توڑ۔ مروڑ یوجنا‘ اور ’پردھان منتری کانگریس بدنام یوجنا‘۔ اس کے سوا اور کچھ تھا ہی نہیں۔ کانگریس کو نشانہ بنایا اور کانگریس کو بدنام کیا۔ تاریخ کو توڑ مروڑ کر انہوں نے پارلیمنٹ کے سامنے رکھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ان کی تقریر ایک انتخابی تقریر کی طرح تھی۔ وہ اس طرح بولتے رہے جیسے وہ عوامی ریلیوں میں بولتے ہیں۔ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ کی عزت و وقار کا بھی خیال نہیں رکھا۔ 90 منٹ تک وہ جھوٹ کی گنگا بہاتے رہے۔‘