چیف سکریٹری شانتی کماری کی ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس
حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے ضلع کلکٹرس، ایڈیشنل کلکٹرس اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا اور راشن شاپس پر عوام کو باریک چاول کی سربراہی اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں سے کہاکہ وہ حکومت کے اعلان کے مطابق سربراہی کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اُگادی کے موقع پر حضورنگر میں اسکیم کا آغاز کیا۔ چیف سکریٹری نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ وزراء اور مقامی ارکان اسمبلی سے مشاورت کے بعد ایکشن پلان تیار کریں اور تمام منڈل ہیڈکوارٹرس پر غریبوں میں فائن رائس کی تقسیم کے پروگرامس منعقد کئے جائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مقامی عوامی نمائندوں اور عوام کو کثیر تعداد میں شامل کرتے ہوئے چاول کی تقسیم کے پروگرام کو ایک تہوار کی طرح منایا جائے۔ چیف سکریٹری نے اِس پروگرام کی بڑے پیمانہ پر تشہیر کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے بتایا کہ فیر پرائز شاپس کو چاول کا 50 فیصد سے زائد اسٹاک پہنچادیا گیا ہے اور آئندہ چند دنوں میں باقی اسٹاک بھی روانہ کردیا جائے گا۔ کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ چاول کے معیار اور مقدار پر توجہ دیتے ہوئے کسی بھی گوشہ سے شکایت کا موقع نہ دیں۔ اُنھوں نے ضلع کلکٹرس سے کہاکہ وہ باقاعدگی کے ساتھ راشن شاپس پر چاول کی تقسیم کی نگرانی کریں۔1