نئی دہلی، 03 جولائی (یو این آئی) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ نے رام مندر چڑھاوام چوری معاملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے رام بھکتوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور اس معاملے میں خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے ۔ آر ایس ایس کے سرکاریہ واہ دتاتریہ ہوسبولے نے اس معاملے پر پہلی بار ایک بیان میں کہا کہ ایودھیا میں شری رام للا مندر میں رکھے گئے دان پاتروں سے چوری کے افسوسناک واقعہ نے پورے سماج اور رام بھکتوں کے جذبات اور عقیدت کو مجروح کیا ہے اور ہم سب اس واقعے سے دکھی ہیں۔ ویڈیو کلپ کے ذریعے جاری اپنے اس بیان میں سنگھ کے دوسرے نمبر کے اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ شری رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ کی خصوصی درخواست پر اتر پردیش حکومت نے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے اور اس کی سفارشات کی بنیاد پر قانونی کارروائی شروع کی ہے۔ یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ جانچ میں جو بھی خاطی پایا جائے ، اسے سخت سزا ملے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ فطری طور پر آر ایس ایس اور پورے ہندو سماج سے یہ امید کر سکتا ہے کہ اس انتہائی قابل مذمت واقعہ کو ایک استثنیٰ کے طور پر دیکھا جائے اور نظام اور آپریشن میں موجود تمام خامیوں کو دور کرنے کیلئے پوری سنجیدگی کے ساتھ مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ ایودھیا مندر میں کروڑوں رام بھکتوں کی آستھا اور عقیدت برقرار اور غیر متزلزل رہے ۔ سنگھ کے سرکاریہ واہ نے موجودہ الجھن اور غیر یقینی صورتحال کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مندر مینجمنٹ اور انتظامیہ کی طرف سے تشکیل دی گئی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے ذریعہ تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے ۔ ہمیں یقین ہے کہ مناسب مالیاتی انتظام، شفاف نظام کے ساتھ ہموار آپریشن اور پاکیزگی، شائستگی و گہری مذہبی خصوصیات سے بھرپور ماحول کے ذریعے ، شری رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ ہندو سماج کی آستھا اور اعتماد کو مزید مضبوط کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ سنگھ پورے ہندو سماج سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں ضروری صبر اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور ہندو مذہب اور سماج کو بدنام کرنے کے لیے اس افسوسناک واقعے کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنے والی ہندو مخالف اور ملک مخالف طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔