انو پریت داس ، ہری کمار
راہول گاندھی تین وزرائے اعظم کے وارث ہیں یعنی ان کے خاندان میں تین وزرائے اعظم پنڈت جواہر لال نہرو، آنجہانی اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی گذرے ہیں۔ ان میں سے پنڈت جواہر لال نہرو کو ملک کا پہلا وزیراعظم ہونے کا اعزاز حاصل رہا۔ فی الوقت ملک میں راہول گاندھی کی زیرقیادت احتجاج کی ایک نئی لہر پیدا ہوئی ہے اور اس لہر نے انہیں ملک کی موجودہ قیادت (نریندر مودی) اور ان کی پارٹی بی جے پی کو چیلنج کرنے کا موقع فراہم کرسکتی ہے۔ Gen-Z مظاہرین کے ساتھ شامل ہونا اور پولیس کا سامنا کرنا، ہندوستان کے سب سے نامور سیاسی خاندان کے اس درمیانی عمر کے چشم و چراغ سے کوئی توقع نہ کرے لیکن اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ رہول گاندھی کیلئے یہ اُن کی زندگی کا ایک غیرمعمولی موقع ثابت ہوسکتا ہے۔ کئی برسوں سے راہول گاندھی ہندوستانی سیاست کی تیزی سے بدلتی ہوئی اور پیچیدہ صورتحال میں اپنی جگہ بنانے کیلئے جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سب سے بااثر لیڈر ہونے کے باوجود انہیں محض ہندوستان کے پہلے وزیراعظم کے پڑ نواسے اور دیگر وزرائے اعظم کے پوتے اور بیٹے سے پڑھ کر اپنی شناخت قائم کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ 56 سال کی عمر میں ممکن ہے کہ انہیں اپنی سیاسی زندگی کا اہم موقع مل گیا ہو۔ انہوں نے موجودہ وزیراعظم نریندر مودی کی طاقت کے بل بوتے پر چلنے والی سیاست کی شدید مخالفت کرتے ہوئے نوجوانوں کی اس تحریک کا بھرپور ساتھ دیا ہے جو سڑکوں پر نکل آئی ہے۔ اس تحریک کے لیڈران سمجھتے ہیں کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کو خطرہ لاحق ہے۔ راہول گاندھی ایک طویل عرصہ سے ہندوستانی عوام کو چوکس کرتے رہے ہیں کہ ان کے حقوق ختم کئے جارہے ہیں۔ گرمیوں کے موسم میں ان کے اس پیغام کو مزید تقویت ملی جب نیٹ (NEET) کے پیپر لیک ہوئے اور پھر نیٹ مسابقتی امتحانات منسوخ کردیئے گئے۔ اس واقعہ نے طلبہ کے بڑے پیمانے پر احتجاج کو جنم دیا جس کے نتیجہ میں وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو استعفیٰ دینے پر مجبور ہونا پڑا۔ اس کے چند ہفتوں بعد راہول گاندھی کو ایک اور معاملہ میں اپنے موقف کی تائید حاصل ہوتی دکھائی دی۔ فہرست رائے دہندگان سے 13.30 کروڑ نام حذف کئے جانے کے بعد ملک بھر میں دوبارہ غم و غصہ اور برہمی کی لہر دوڑ گئی اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدہ سے ہٹانے کے مطالبات زور پکڑنے لگے۔ مصنف اور سیاسی مبصر نیرجا چوہدری کے مطابق لوگ اب راہول گاندھی کے پیغام کو زیادہ توجہ سے سن رہے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ حکومت کے خلاف عوام کی عدم اطمینانی بڑھ رہی ہے۔ لوگ مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر مسائل سے عاجز آچکے ہیں۔ ان میں کوئی نئی توانائی نظر نہیں آرہی ہے۔ اس کے علاوہ مودی اکثر سخت گیر رویہ اختیار کرتے ہیں اور اس صورتحال کے نتیجہ میں راہول گاندھی کا اعتماد بڑھتا جارہا ہے۔ اب اصل سوال یہ ہے کہ کیا وہ اپنی پارٹی انڈین نیشنل کانگریس کو 2029ء کے عام انتخابات میں کامیابی سے ہمکنار کرواسکتے ہیں؟ اور کیا وہ نریندر مودی کی بی جے پی کی اقتدار پر جو گرفت ہے، اس گرفت کو ختم کرسکتے ہیں جو سردست تیسری میعاد میں نصف میعاد مکمل کرچکی ہے۔
یوگیندر یادو نے جو سال 2007ء سے راہول گاندھی کو جانتے ہیں اور ان کے ساتھ انتخابی مہمات میں شامل بھی ہوچکے ہیں، ان کی شخصیت کے بارے میں کہا کہ وہ ایسے شخص ہیں جنہیں کتابوں اور نظریات میں گہری دلچسپی ہے لیکن وہ کسی حد تک شرمیلے ہیں اور فطری طور پر ایک پراثر مقرر نہیں ہیں، نہ ہی محفلوں میں گھل مل جانے والے بے تکلف انسان ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اسٹیج پر کبھی کبھی قدرے Uncomfortable دکھائی دیتے ہیں۔ اسی وجہ سے راہول گاندھی، مودی کی بی جے پی قائدین کا نشانہ بن گئے۔ وہ ان کا مذاق اُڑاتے ہوئے انہیں ’’پپو‘‘ یعنی ایک سادہ لوح یا کم عقل قرار دیتے رہے اور انہیں ایک مراعات یافتہ لیکن نااہل شخص کے طور پر پیش کرتے رہے اور یہ تاثر کئی برسوں تک ان کا تعاقب کرتا رہا۔ اس صورتحال میں اس بات نے بھی ان کی مشکلات بڑھا دیں کہ ایک دہے سے زیادہ عرصہ قبل ان کی پارٹی کو مودی کی قیادت میں قائم ہندو قوم پرست حکومت کے ہاتھوں مسلسل انتخابی ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ خود راہول گاندھی بھی اس پارلیمانی حلقہ شکست کھا گئے جس کی نمائندگی ان کے والد راجیو گاندھی کیا کرتے تھے۔ ان کے والد کی طرح ان کی دادی اندرا گاندھی بھی وزیراعظم رہ چکی تھیں، ان کے پڑنانا جو پنڈت جواہر لال نہرو جیسا کہ ہم نے سطور بالا میں کہا تھا، ملک کے پہلے وزیراعظم تھے۔ دوسری طرف راہول گاندھی کی والدہ سونیا گاندھی نے کئی برسوں تک کانگریس کی قیادت کی۔ ستمبر 2022ء میں راہول گاندھی نے اپنی سیاسی قسمت بدلنے کی کوشش شروع کی۔ اس مقصد کیلئے وہ لفظی طور پر قدم بہ قدم آگے بڑھے اور ملک بھر میں زائد از 2500 میل تقریباً 4 ہزار کلومیٹر کا سفر پیدل طئے کیا، یہ سفر 136 دنوں پر محیط تھا اور اسے ’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ کا نام دیا گیا۔ اس پیدل مارچ کا مقصد ان کے اس تاثر کا خاتمہ تھا کہ وہ اشرافیہ سے تعلق رکھتے ہیں اور عام لوگوں کے مسائل سے دور ہیں اور راہول گاندھی کا یہ سفر 2024ء کے عام انتخابات کے دوران نتیجہ خیز ثابت ہوتا دکھائی دیا، جب مودی کی بی جے پی کو توقع سے کہیں کم نشستیں حاصل ہوئیں جس کے نتیجہ میں اسے مخلوط یا اتحادی حکومت تشکیل دینی پڑی اور راہول گاندھی قائد اپوزیشن بن گئے جو مودی اور بی جے پی کیلئے حقیقت میں ایک بہت بڑا جھٹکہ تھا۔ پچھلے سال جب راہول گاندھی کی پارٹی کانگریس مہاراشٹرا کے ریاستی انتخابات میں شکست کھا گئی تو انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس سے چند ماہ قبل فہرست رائے دہندگان میں اُلٹ پھیر کی گئی تھی جس کا فائدہ بی جے پی کو ہوا۔ انہوں نے بہار کے اسمبلی انتخابات سے متعلق بھی اسی قسم کے دعوے کئے تھے۔ راہول گاندھی نے الیکشن کمیشن آف انڈیا اور چیف الیکشن کمشنر پر اپنی تنقیدوں میں مزید شدت پیدا کردی اور کہا کہ یہ ایک آزاد نگران ادارہ ہے لیکن اس نے اپنی آزادی کھودی ہے اور حکومت کے اشاروں پر کام کررہا ہے۔ راہول نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی شروع کرنے کے بعد وزیراعظم مودی کے مفادات کا تحفظ کیا۔ ان کے مفادات کے عین مطابق کام کیا۔ اس نظرثانی کے دوران ایک سال قبل فہرست رائے دہندگان 13 کروڑ سے زائد نام حذف کردیئے گئے تھے۔ اس کے جواب میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ ان ناموں کو حذف کرنے کے پیچھے کوئی سیاسی مقصد کارفرما نہیں تھا حالانکہ الیکشن کمیشن کے اس اقدام سے مسلم اقلیت اور دوسرے ایسے رائے دہندے زیادہ متاثر ہوئے جن کے بی جے پی کی مخالفت کرنے کا امکان تھا، تاہم راہول گاندھی نے اسے وزیراعظم کی جانب سے اقتدار برقرار رکھنے کی ایک کوشش قرار دیا۔ گزشتہ ہفتہ کے آخر میں جنوبی ہند کے ساحلی شہر چنئی میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے پرزور انداز میں کہا کہ مودی یہ سمجھ نہیں رہے ہیں کہ ان کا کھیل ختم ہوچکا ہے۔ دوسری جانب حکمران جماعت بی جے پی کے قائدین نے کہا کہ راہول گاندھی بہت دُور جارہے ہیں۔ وہ ایسے مسائل اُٹھا رہے ہیں جو ناراض نوجوانوں کو تو متاثر کرسکتے ہیں، لیکن دوسرے رائے دہندوں کو کانگریس سے دور بھی کرسکتے ہیں۔ اس بارے میں مودی کے بااعتماد رفیق و مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا کہنا ہے کہ کانگریس اپنے لئے ایک بڑی شکست کی راہ ہموار کررہی ہے۔ منفی سیاست سے کانگریس کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
نوجوانوں کو متحرک کرنا : چنئی میں منعقدہ ریالی میں راہول گاندھی نے نوجوانوں کو اسٹیج پر آکر اپنے تجربات بیان کرنے کی دعوت دی۔ یہ مہم ’’چھاتروں کی گونج‘‘ (طلبہ کی گونج) کے زیرعنوان چلائی گئی جس کا آغاز انہوں نے جون میں اس وقت کیا تھا جب ’’کاکروچ جنتا پارٹی‘‘(CJP) Gen-Z کی قیادت میں چلنے والی تحریک توجہ حاصل کرنا شروع کررہی تھی۔ یہ تحریک سیاسی جوابدہی کا مطالبہ کرتی ہے۔ ایک نوجوان نے اسٹیج پر آکر اپنی بہن کے بارے میں بتایا جس نے میڈیکل کالج میں داخلہ کے انتہائی دباؤ والے مسابقتی امتحان لکھا اور پھر خودکشی کرلی۔ ایک دوسری خاتون نے بتایا کہ اسے مسلمان ہونے اور ایک عورت ہونے کی وجہ سے امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔ راہول گاندھی کے نعروں میں سے ایک نعرہ پدر شاہی ختم کرو۔ 18 سالہ رِتیکا ریچل پروین کے دل کو چھوگیا۔ وہ کہتی ہیں کہ کسی سیاسی لیڈر کو یہ کہتے ہوئے سننا کہ ہندوستان جیسے ملک میں پدرشاہی جیسے سسٹم کو ختم کردینا چاہئے ان کیلئے بہت ہی تازگی و راحت بخش تجربہ راہول گاندھی سوشیل میڈیا کا بہت زیادہ استعمال کررہے ہیں اور تقریری صلاحیت میں جو کمی ہے، اسے دُور کرنے یا پورا کرنے کیلئے وہ مختصر ویڈیوز بناتے ہیں۔ ان کی ڈریسنگ بھی عام سیاسی رہنماؤں سے ہٹ کر ہوتی ہے اور وہ اپنی جسمانی فٹنس کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ مارشل آرٹس، تیراکی، دوڑ اور یوگا کے ساتھ جسمانی طاقت بڑھانے والی ورزش کے وہ عادی ہیں۔