راہول گاندھی کا دورہ ورنگل اچانک منسوخ

   

حیدرآباد۔/11 فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے لمحہ آخر میں ورنگل کا دورہ منسوخ کردیا۔ راہول گاندھی طئے شدہ پروگرام کے مطابق آج شام نئی دہلی سے حیدرآباد پہنچنے والے تھے اور بذریعہ ہیلی کاپٹر ہنمکنڈہ پہنچنے کا پروگرام تھا۔ ہنمکنڈہ میں پارٹی کے اہم قائدین سے ملاقات کے بعد بذریعہ ٹرین چینائی روانہ ہونے والے تھے۔ راہول گاندھی کے دورہ کے سلسلہ میں پارٹی کی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی تھیں لیکن دوپہر میں اچانک راہول گاندھی کے دفتر سے دورہ کی منسوخی کی اطلاع دی گئی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق لوک سبھا میں بعض اہم سرکاری بلز پر مباحث ہیں اور اس موقع پر راہول گاندھی کی موجودگی ضروری ہے لہذا اُنہوں نے دورہ کو منسوخ کردیا ہے۔ راہول گاندھی کے تلنگانہ میں مختصر توقف کے دوران طبقاتی سروے اور ایس سی زمرہ بندی کے مسئلہ پر حکومت کی جانب سے تفصیلات پیش کرنے کی تیاری کی گئی تھی۔ کانگریس پارٹی ریاست میں پسماندہ طبقات کے دو بڑے جلسہ عام منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے جس کے لئے راہول گاندھی کو مدعو کرنے کا منصوبہ تھا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے راہول گاندھی کے ساتھ زیر بحث آنے والے اُمور کی تیاری کرلی تھی تاہم ان کے دورہ کی اچانک منسوخی سے پارٹی حلقوں میں مایوسی دیکھی جارہی ہے۔1