حیدرآباد۔/12 فروری، ( سیاست نیوز) حج 2025 کیلئے مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی نظام رباط میں قیام کیلئے کل 13 فروری کو قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین حج کا انتخاب کیا جائے گا۔ ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف قرعہ اندازی تقریب میں شرکت کیلئے بطور خاص حیدرآباد پہنچے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے 13 فروری کو 3 بجے دن چو محلہ پیالیس خلوت میں قرعہ اندازی تقریب کا اہتمام کیا ہے۔ ناظر رباط نے 710 عازمین حج کے قیام کیلئے حکومت سعودی عرب سے تصریح حاصل کی ہے۔ سابق نظام اسٹیٹ کے 45 اضلاع کے عازمین حج کے کور نمبرس کو قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا جن کا تعلق تلنگانہ، مہاراشٹرا اور کرناٹک سے ہے۔ تلنگانہ کے 33، مہاراشٹرا 8 اور کرناٹک کے 4 اضلاع کے عازمین کا قرعہ اندازی سے انتخاب عمل میں آئے گا۔ نظام رباط میں رہائش کی مفت سہولت رہے گی۔ رباط میں قیام کی صورت میں فی عازم 50 تا 60 ہزار روپئے کی بچت ہوگی اور یہ رقم سفری اخراجات میں سے حج کمیٹی آف انڈیا واپس کرے گی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ تقریب کی صدارت کریں گے اور نظام ٹرسٹ کے ذمہ دار بھی شریک ہوں گے۔ مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی نظام رباط میں قیام کے لئے عازمین حج کے انتخاب پر انہیں مختلف سہولتیں بھی حاصل ہوں گیں۔ 1